QR CodeQR Code

ایران کیخلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کی امریکی کوششیں

سلامتی کونسل اپنی قانونی ذمہ داریوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے امریکی حکومت کو لگام ڈالے، ایران

20 Aug 2020 23:21

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگیوٹرس نے ایرانی وزیر خارجہ کیساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں یمنی بندرگاہ الحدیدہ پر پیش آنیوالی ماحولیاتی مشکلات کے حوالے سے ایران سے مدد مانگی ہے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی قانونی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری معاہدے (JCPOA) و سلامتی کونسل کے تمام اراکین اور بین الاقوامی قوانین کے ماہرین کے اتفاق نظر کیمطابق، امریکہ اب جوہری معاہدے کا رکن نہیں اور نہ ہی واشنگٹن کو قرارداد 2231 کے تحت کوئی اقدام اٹھانے کا حق حاصل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگیوٹرس نے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس گفتگو میں یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کے خاتمے کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے ایرانی وزیر خارجہ کو مطلع کرتے ہوئے یمنی بندرگاہ حدیدہ پر پیش آنے والی ماحولیاتی مشکلات کے حوالے سے ایران سے مدد مانگی ہے جس پر ایرانی وزیر خارجہ نے اس حوالے سے مدد کے لئے ایران کی مکمل آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے کئے جانے والے ٹیلیفونک رابطے کے دوران غیرقانونی امریکی اقدامات کی جانب اشارہ کیا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی قانونی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرواتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے (JCPOA) و سلامتی کونسل کے تمام اراکین اور بین الاقوامی قوانین کے ماہرین کے اتفاق نظر کے مطابق، امریکہ اب جوہری معاہدے کا رکن نہیں اور نہ ہی واشنگٹن کو قرارداد 2231 کے تحت کوئی اقدام اٹھانے کا حق حاصل ہے۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ (ایران کے خلاف امریکہ کے) یہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کے لئے خطرناک ثابت ہوں گے بلکہ بین الاقوامی طریقۂ کار کی تباہی اور سلامتی کونسل سے اعتماد اٹھ جانے کے علاوہ ان کا کوئی اور نتیجہ بھی نہ نکلے گا۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے اراکین سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے امریکی حکومت کی سرکشی کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پیش کردہ نکات کو پوری توجہ کے ساتھ مدنظر رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو نے آج امریکی نیوز چینل فاکس نیوز کے ساتھ گفتگو میں ایران پر اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع پر مبنی امریکی قرارداد کی مخالفت پر چین اور روس کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کو لاگو کروانے کے لئے پرعزم ہے۔ دوسری طرف امریکی حکام نے اطلاع دی ہے کہ مائیک پمپیو کی جانب سے عنقریب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو قرارداد 2231 میں ذکر شدہ "ٹرگر میکنزم" (Snap Back) کو فعال کرنے کے امریکی عزم سے مطلع کرنا طے پایا ہے۔ اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی آج صبح اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے اپنے وزیر خارجہ کو کہہ دیا ہے کہ وہ ٹرگر میکنزم کو لاگو کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کو امریکی عزم سے آگاہ کر دے۔


خبر کا کوڈ: 881541

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/881541/سلامتی-کونسل-اپنی-قانونی-ذمہ-داریوں-پر-عملدرآمد-کرتے-ہوئے-امریکی-حکومت-کو-لگام-ڈالے-ایران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org