0
Friday 21 Aug 2020 03:36

مظلوم فلسطینیوں کے خون کا سودا کرنے کی کوشش عرب حکمرانوں کو مہنگی پڑیگی، علامہ ناصر عباس جعفری

مظلوم فلسطینیوں کے خون کا سودا کرنے کی کوشش عرب حکمرانوں کو مہنگی پڑیگی، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ وحدت ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے، تاکہ شرپسند عناصر کو کسی شرپسندی کا موقع نہ مل سکے، تمام مرکزی جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب اور اضافی نفری تعینات کرکے کسی بھی شرپسندی کے خدشے کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے، صوبے بھر میں وحدت اسکاؤٹس کے نوجوان مختلف اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ جلوسوں کی حفاظت کی ذمہ داری سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں کی صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، کراچی شہر کی تعمیر نو کے لئے جن بڑی سیاسی جماعتوں نے مشترکہ جدوجہد کی طرف قدم بڑھایا ہے، یہی جماعتیں اس شہر کی تباہی کی ذمہ دار بھی ہیں، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم طویل عرصہ تک صوبہ سندھ کی مقتدر طاقت بنے رہے، لیکن انتظامی نااہلی اور عوامی مسائل سے دانستہ چشم پوشی نے روشنیوں کے اس شہر کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کی رونقیں بحال کرنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے مختلف مذہبی، سیاسی و سماجی جماعتوں اور سینیئر بیورکریٹس کو بھی مشاورتی عمل میں شریک رکھا جانا چاہیئے، کراچی کی ترقی و استحکام کیلئے بھرپور عزم کے ساتھ شفافیت اور نیک نیتی اولین شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا، تاہم علاقائی انتظامیہ کو قانون کی عمل داری کے نام پر کسی جلوس کے راہ کی رکاوٹ بننے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام لائسنس یافتہ و روایتی جلوس حسب سابق بھرپور مذہبی عقیدت و احترام سے نکالے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواداری اور باہمی احترام ہمارے مذہب کا حصہ ہیں، علماء کرام کو چاہیئے کہ تمام مسالک کے بنیادی عقائد کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے احتیاط کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھیں، تاکہ تمام مسالک کے مابین ایک دوسرے کا احترام قائم رہ سکے۔۔

انہوں نے کہا کچھ اضلاع میں ہمارے متعدد ایسے معتدل علماء و ذاکرین کے داخلے پر انتظامیہ نے پابندی عائد کر دی ہے، جنہوں نے ہمیشہ وحدت و اخوت پر زور دیا اور انہیں اہل تشیع کی طرح اہل سنت برادران بھی احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، یہ اقدام سراسر تعصب پر مبنی ہے اور تکفیری گروہوں کو خوش کرنے کے لئے کیا گیا ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اسرائیل اور عرب ریاستوں کی اسلام دشمن پالیسیوں کے خلاف جمعہ کے روز ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے، 21 اگست بعد از نماز جمعہ ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی، جن کا مقصد اسرائیل کے ناپاک عزائم کو آشکار اور عرب کے خائن حکمرانوں کے خلاف نفرت کا اظہار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب حکمران گریٹر اسرائیل کے امریکی منصوبے کی تکمیل میں معاون کا کردار ادا کر رہے ہیں، مظلوم فلسطینیوں کے خون کا سودا کرنے کی یہ کوشش عرب کے حکمرانوں کو مہنگی پڑے گی۔
خبر کا کوڈ : 881559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش