QR CodeQR Code

تمام مجالس و محافل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، عثمان بزدار

اُمّتِ مسلمہ سامراجی طاقتوں کی مزاحمت کیلئے جذبہ حُسینی اپنائے، صاحبزادہ حامد رضا

21 Aug 2020 20:15

وزیراعلیٰ پنجاب نے قرآن بورڈ کے چیئرمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک مشترکہ ترجمہ قرآن شائع کیا جائے جس پر تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام متفق ہوں، تاکہ معاشرے سے انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کو مذہبی انتہا پسندی سے پاک کرنا عمران خان کا وژن اور ہماری اولین ترجیح ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  سے چیئرمین قرآن بورڈ پنجاب و چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قرآن بورڈ کے معاملات، محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اُمّتِ مسلمہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے نئی حکمت عملی تیار کرے، اُمّتِ مسلمہ سامراجی طاقتوں کی مزاحمت کیلئے جذبہ حُسینی اپنائے، اُمّتِ مسلمہ کی بیداری کیلئے اُسوہ حُسینی کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فکری، علمی اور تہذیبی محاذ پر جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے، مسلمان اسلام پر عمل پیرا ہوتے تو موجودہ حالت نہ ہوتی، اُمّتِ مسلمہ کو باطل قوتوں سے مقابلہ کیلئے متحد ہونا چاہیے، دین ِ اسلام کا تحفظ ہر صورت کیا جائے گا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملکی ترقی کیلئے عناد اور مفاد کی سیاست ختم کرنا ہو گی، سیاسی محاذ آرائی کی وجہ سے ملک غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم متحد ہو کر ملک میں انتشار پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنا دے، الزام اور انتقام کی سیاست چھوڑ کر تعمیری سیاست شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ سیاسی تلخیوں کو محبتوں میں نہ بدلا گیا تو ہر گلی محلے میں سیاسی تصادم اور لڑائی جھگڑے معمول بن جائیں گے، قومی قیادت پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے نیشنل ایجنڈا تیار کرے، سکاٹ لینڈ کی طرح کشمیر میں بھی ریفرنڈم کروایا جائے، پاکستان کیخلاف ہونیوالی عالمی سازشوں کے مقابلہ کیلئے قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملک میں قیام امن کیلئے علماء کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن بورڈ پنجاب کو حکومت مکمل سپورٹ کرئے گی، قرآن بورڈ وحدت کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے نمایاں کردار ادا کرے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک مشترکہ ترجمہ قرآن شائع کیا جائے جس پر تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام متفق ہوں، تاکہ معاشرے سے انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کو مذہبی انتہا پسندی سے پاک کرنا عمران خان کا وژن اور ہماری اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے ماضی میں بھی علمائے کرام نے کردار ادا کیا اور اب بھی ہم علمائے کرام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بڑھ چڑھ کر قیام امن کی کوششوں میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور فرقہ واریت پھیلانے والے علماء و ذاکرین کی زباں بندی کر دی گئی ہے جبکہ تمام مجالس و محافل کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 881695

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/881695/تمام-مجالس-محافل-کی-باقاعدہ-مانیٹرنگ-جا-رہی-ہے-عثمان-بزدار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org