QR CodeQR Code

بارش کے بعد وزیراعلیٰٰ سندھ کا شہر قائد کا دورہ، نالوں کی صفائی کا جائزہ

22 Aug 2020 01:35

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ 3 دن پہلے وفاقی وزیر نے طبل بجایا کہ انہوں نے کام کیا ہے، وفاقی وزیر نے ٹھیک کام کیا ہے تو نالے چوک کیوں ہوئے، ہم کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے کام کررہے ہیں، فنڈز کی کمی کی وجہ سے ورلڈ بینک سے مدد لی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہر قائد کے دورے کے دوران کہا ہے کہ ہم نے نالوں کی صفائی کے لئے کے ایم سی کو فنڈز دیئے ہیں، نالوں کی صفائی نہیں ہوئی تو کے ایم سی بھی ذمہ دار ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بارش کے پانچویں اسپیل کے آغاز پر شہر قائد میں ہونے والی شدید بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے، اس دوران انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی تکلیف بھول کر طنزیہ سوال کریں گے تو ویسا ہی جواب دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مین روڈ کے ڈی اے چورنگی صاف ہوگیا ہے، گلیوں میں پانی موجود ہے، 4 گھنٹے اداروں کو دیئے ہیں، شہر کو صاف کریں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے 38 نالے ہیں 3 کی صفائی این ڈی ایم اے کررہی ہے، ہم نے نالوں کی صفائی کے لئے فنڈز دیئے ہیں، نالوں کی صفائی نہیں ہوئی تو کے ایم سی بھی ذمہ دار ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نالے 4 دن پہلے صاف ہوئے اس کے باوجود چوک ہوئے، نالوں سے متعلق کچرے کی لفٹنگ کا بھی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 دن پہلے وفاقی وزیر نے طبل بجایا کہ انہوں نے کام کیا ہے، وفاقی وزیر نے ٹھیک کام کیا ہے تو نالے چوک کیوں ہوئے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے کام کررہے ہیں، فنڈز کی کمی کی وجہ سے ورلڈ بینک سے مدد لی ہے۔


خبر کا کوڈ: 881750

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/881750/بارش-کے-بعد-وزیراعلی-سندھ-کا-شہر-قائد-دورہ-نالوں-کی-صفائی-جائزہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org