QR CodeQR Code

سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو لاوارث چھوڑ دیا، حلیم عادل شیخ

22 Aug 2020 14:30

اپنے وڈیو بیان میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ رات دیر تک ہم شہریوں کے ساتھ سڑکوں پر موجود رہے لیکن کراچی کی سڑکوں پر سندھ حکومت کا کوئی نمائندہ نظر نہیں آیا، جب ہم متاثرہ علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں تو حکمران کیوں نہیں پہنچتے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف  رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے، مرتضیٰ وہاب نے سندھ کے معاملات بھلا کر لاہور نامہ پڑھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں کیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے بارشوں کی تباہ کاریوں پر اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ گزشتہ روز سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بارشوں کے حوالے سے ایک بیان دیا، جس میں انہوں نے سندھ کے معاملات کو بھلا کر لاہور نامہ پڑھا، اس بیان میں لاہور میں گدھے کے ڈوبنے کا غم تو کیا گیا لیکن کراچی میں شہری ڈوبتے رہے اس کی کسی کو پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رات دیر تک ہم شہریوں کے ساتھ سڑکوں پرموجود رہے لیکن کراچی کی سڑکوں پر سندھ حکومت کا کوئی نمائندہ نظر نہیں آیا، جب ہم متاثرہ علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں تو حکمران کیوں نہیں پہنچتے۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو سندھ حکومت نے لاوارث چھوڑدیا ہے، بارش کے دوران 7 افراد جاں بحق ہوگئے کوئی ریسکیو ادارہ نہیں پہنچا، لیاری ندی میں نوجوان ڈوب گیا، سندھ کا کوئی ادارہ بچانے نہیں پہنچا۔ پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو پانی سے نکالا، پی پی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نالے این ڈی ایم اے کے حوالے کئے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 3 نالے این ڈی این اے کو دیئے ہیں، باقی 35 بڑے 200 چھوٹے نالے کون صاف کرے گا؟ سندھ حکومت اپنی ذمہ داری سے پیچھے بھاگتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 881840

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/881840/سندھ-حکومت-نے-کراچی-کے-شہریوں-کو-لاوارث-چھوڑ-دیا-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org