0
Tuesday 28 Jul 2009 11:07

بھارتی ایٹمی آبدوز کا چیلنج قبول کرتے ہیں،وزیردفاع، خطے میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہوسکتی ہے،پاک بحریہ

بھارتی ایٹمی آبدوز کا چیلنج قبول کرتے ہیں،وزیردفاع، خطے میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہوسکتی ہے،پاک بحریہ
 کراچی:وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ میں جوہری آبدوزوں کی شمولیت کا پاکستان باریک بینی سے جائرہ لے رہا ہے۔ پاکستان کا دفاع اس چیلنج کو قبول کرنے کیلئے تیار ہے۔قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ جناح ٹرمینل پرقومی ایئر لائن کے منیجنگ ڈائریکٹر کیپٹن اعجاز ہارون کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع چوہدری احمد مختار نے کہا کہ حکومت پاکستان ہر طرح سے اس ایشو سے آگاہ ہے،ہم کسی سے جنگ نہیں چاہتے لیکن کسی کی جارحیت کو بھی ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا قومی ایئرلائن کے ملازمین کی تعداد 17 ہزار 283 ہے جن میں سے تقریباً 1200 ملازمین کی مستقلی باقی ہے، ان سے بھی بات چیت جاری ہے لیکن وہ مذاکرات میں خود نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا پائلٹ،انجینئرز اور کوئی عام ملازم ہی کیوں نہ ہو، مسئلہ کا حل مذاکرات ہیں، ملکی کی موجودہ معاشی صورتحال اور قومی ایئرلائن کا خسارہ بھی سب کے سامنے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی خراب صورتحال بہتر بنانے اور خسارے سے نکالنے کے لئے نئے جہاز خریدے جائیں گے تاکہ ملازمین کی تعداد اور ایئر کرافٹ کی تعداد میں واضح فرق کو کم کیا جاسکے۔
 پاکستان نیوی کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی بحریہ میں جوہری آبدوزوں کی حالیہ شمولیت نہ صرف پاکستان بلکہ بحر ہند اور اس سے ملحقہ تمام ساحلی ممالک پر دوررس اثرات مرتب کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بحریہ کے اس اقدام سے خطے میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔ پاک بحریہ حکومت کے کسی بھی فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان کمانڈر سلمان علی نے پیر کو گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کی جانب سے پورے خطے کے حالات کو غیر مستحکم کرنے کی جانب ایک قدم ہے جو کہ علاقائی سلامتی اور توازن کیلئے خطرناک ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام ساحلی ممالک کو اپنی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کرنے ہونگے۔ کمانڈر سلمان علی نے کہا کہ جوہری آبدوز بنانے کا فیصلہ انفرادی دفاعی ادارے کے بجائے حکومت پاکستان کرے گی،پاک بحریہ حکومت کے کسی بھی فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ 


خبر کا کوڈ : 8819
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش