0
Saturday 22 Aug 2020 23:43

پی آئی اے کا کراچی سے سکردو کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

پی آئی اے کا کراچی سے سکردو کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں سیاحوں بڑھتی تعداد کے پیش نظر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن( پی آئی اے) نے پہلی مرتبہ کراچی سے سکردو کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یکم ستمبر سے ہفتے میں دو پروازیں کراچی سے سکردو کیلئے شروع ہوں گی۔ اس سے پہلے صرف اسلام آباد سے سکردو پروازیں ہوتی تھیں۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں سیاحوں کی آمد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ ہفتہ کے روز سکردو کیلئے بیک وقت پی آئی اے کی تین پروازیں آئیں، تین ایئربس طیارے بیک وقت سکردو ایئرپورٹ پر اترے، ایئرپورٹ زرائع کے مطابق فی طیارے میں 190 مسافر موجود تھے، زیادہ تر تعداد سیاحوں کی تھی۔ ذرائع کے مطابق سکردو کیلئے روزانہ پی آئی اے کی 2 پروازیں آ رہی ہیں اور روزانہ تین سو سے زائد مسافروں کی آمدورفت ہو رہی ہے جبکہ ہفتہ وار 22 سو سیاح فلائٹ کے ذریعے سکردو آ رہے ہیں۔ سیاحوں کے بہاﺅ کو دیکھتے ہوئے پی آئی اے نے ڈائریکٹ کراچی سے سکردو پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

دوسری جانب الپائن کلب آف پاکستان کے سیکرٹری کرار حیدری کے مطابق ابھی تک چار غیر ملکی ایکسپیڈیشن ٹیمیں گلگت بلتستان آچکی ہیں۔ جرمن کوہ پیماﺅں کی ٹیم شمشال میں موجود چوٹی سر کرے گی جبکہ چیک ریپبلک کی ٹیم ہنزہ میں موجود سات ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹی مچوچش چوٹی سر کرے گی۔ اس چوٹی کو ابھی تک کوئی کوہ پیما سر نہیں کر سکا ہے۔ کے ٹو پر مہم جوئی کرنے کیلئے امریکن کوہ پیماﺅں کی ایک ٹیم بھی آچکی ہے۔ ادھر محکمہ سیاحت کے مطابق روزانہ ڈیڑھ سو سے زائد سیاحوں کی گاڑیاں بھی جی بی کی حدود میں داخل ہو رہی ہیں، ابھی تک تین لاکھ کے قریب سیاح جی بی آچکے ہیں۔ یاد رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں سیاحت مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ پاکستان خصوصاً گلگت بلتستان کی سیاحت بھی بری طرح متاثر ہوئی تاہم 16 اگست کو جی بی سمیت پورے پاکستان میں سیاحت کو مکمل طور پر کھول دیا گیا جس کے بعد سیاحوں نے جی بی کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 881940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش