1
Sunday 23 Aug 2020 22:18

رافائل گروسی کے ایران دورے کا "ٹرگر میکنزم یا امریکی درخواست" سے کوئی تعلق نہیں، کاظم غریب آبادی

رافائل گروسی کے ایران دورے کا "ٹرگر میکنزم یا امریکی درخواست" سے کوئی تعلق نہیں، کاظم غریب آبادی
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی عالمی جوہری توانائی ایجنسی میں ایرانی مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کی جانب سے ایران کے عنقریب دورے کے حوالے سے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ جیسا کہ پہلے بھی اعلان کیا جا چکا ہے، عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کل (24 اگست، 2020ء) کے روز ایران کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ وہ منگل و بدھ کے روز اعلی ملکی عہدیداروں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔

کاظم غریب آبادی نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی پر ایرانی قوم کے اعتماد کے حوالے سے لکھا کہ جوہری توانائی ایجنسی کے حوالے سے ایرانی اعتماد کو گزشتہ چند ماہ کے دوران ٹھیس پہنچ چکی ہے جبکہ اس حوالے سے یہ امر ضروری ہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے ہونے والا دورۂ تہران، اعتماد استوار کئے جانے کا باعث بنے۔

عالمی جوہری توانائی ایجنسی میں ایران کے سفیر و مستقل مندوب نے اس حوالے سے مزید توضیح دیتے ہوئے لکھا کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے ہونے والے ایران کے اس دورے کا ٹرگر میکنزم یا امریکی درخواست کے ساتھ کوئی تعلق نہیں جبکہ یہ دورہ صرف اور صرف ایرانی دعوت پر انجام دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ہم کسی دوسرے فریق کی جانب سے، بالخصوص آج کی حساس صورتحال میں، ایران و عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے آپسی تعلقات کو کنٹرول نہیں کرنے دیں گے۔

کاظم غریب آبادی نے آئی اے ای اے کی جانب سے ایرانی اعتماد کے حاصل کئے جانے پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ تہران دورے کے دوران یہ اطمینان دیا جائے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی اپنے تین بنیادی اصولوں؛ غیر جانبداری، خودمختاری اور پیشہ ورانہ سلوک کے مطابق عمل کرتی رہے گی اور حتی ایرانی تحفظات سے متعلق امور پر بھی معیاری اصولوں، آزادانہ جائزے اور اپنے آزادانہ اعدادوشمار سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی۔ انہوں نے لکھا کہ صرف اسی صورت میں غلط فہمیاں دور کی اور آپسی تعاون جاری رکھا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 882073
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش