0
Monday 24 Aug 2020 01:46

کراچی، نکاسی آب نہ ہونے کے باعث سرجانی ٹاؤن سے نقل مکانی شروع

کراچی، نکاسی آب نہ ہونے کے باعث سرجانی ٹاؤن سے نقل مکانی شروع
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں جمع پانی لوگوں کے لئے سخت اذیت کا سبب بن گیا ہے جب کہ سیوریج کے پانی نے درپیش صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حالات کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ سرجانی ٹاؤن کے مکینوں نے انتہائی مجبوری کے عالم میں نقل مکانی شروع کردی ہے۔ سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں کئی کئی فٹ پانی تاحال کھڑا ہوا ہے اور لوگوں کے گھروں میں اتنا داخل ہو گیا ہے کہ مکینوں کے لئے رہنا ناممکن ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش اور سیوریج کے پانی کے گھروں میں داخلے کی وجہ سے ان کے قیمتی سامان تقریباً تباہ ہوگئے ہیں اور وہ نہایت بے سر و سامانی کے عالم میں صرف اہل خانہ کے ہمراہ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ سخی حسن قبرستان کے قریب بارش کے پانی کے باعث سڑک دھنس گئی ہے اور بارش کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے شادمان ٹاؤن سے متصل سڑک بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔



مقامی انتظامیہ نے سڑک کا ایک حصہ پتھروں کو لگاکر ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ نور جہاں، شادمان اور ناگن چورنگی جانے والی ٹریفک بری طرح متاثر ہے۔ شاہراہ نورجہاں کے قریب نالہ اوور فلو ہونے کے باعث کچرا سڑک پر جمع ہوگیا ہے اور وہ ہر طرح کے ٹریفک سمیت پیدل آنے جانے والوں کے لئے بھی مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ سندھ رینجرز کی جانب سے بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔



سندھ رینجرز کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سندھ رینجرز متاثرہ خاندانوں کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق مخیر حضرات کے تعاون سے متاثرہ خاندانوں میں کھانے کی تقسیم بھی کی گئی ہے جب کہ بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے افراد کی بھی مدد کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بارش کے پہلے دن کچھ علاقوں کے دورے کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ صرف چار گھنٹوں میں کراچی کی سڑکوں سے پانی صاف ہو گیا ہے۔ انہوں نے صورتحال پر اطمینان کا بھی اظہار کیا تھا۔ گزشتہ بارش کے دوران سندھ کے وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ نے کہا تھا کہ پانی کی بعض فوٹیجز پرانی چلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے بھی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 882088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش