QR CodeQR Code

سعودی عرب اور پاکستان کا اسرائیل کیخلاف یکساں موقف حوصلہ افزا ہے

اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، پروفیسر ساجد میر

کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، لاہور میں ریلی سے خطاب

24 Aug 2020 08:23

استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمارے اسلاف و اکابرین نے سب سے بھاری تعداد میں پاکستان بنانے کی حمایت کی، آج کا پاکستان ہمارے اسلاف، اکابرین، آباء و اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے، آج پاکستان کو بچانے کیلئے بانیان پاکستان کی اولادیں ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں مرکزی جمعیت اہلحدیث  کے سربراہ سینیٹر ساجد میر کی زیر قیادت استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی، ریلی مرکز اہلحدیث 106راوی روڈ سے شروع ہو کر مینار پاکستان اور ناصر باغ سے گزرتے ہوئے جامعہ احسان الہی ظہیر 53 لارنس روڈ پہنچی۔ ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے علامہ ساجد میر نے کہا کہ ہم ا ستحکام پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اس کی بقاء بھی اسلام کے نفاذ میں ہے، کس قدر افسوس کی بات ہے کہ مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگانے والی حکومت میں وزیر اعلی شراب کے پرمٹ جاری کرتا ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کیساتھ ناانصافیاں کیں، نیب سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ بن کر رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست پاکستان کے استحکام، مسلمانوں کے اتحاد اور دین کے فروغ کیلئے ہے، ہمیں دکھ ہے کہ حکومت اپنے دعووں کے بر عکس عوام کیلئے آزمائش بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت اور امن و امان سے لیکر خارجہ پالیسیوں تک حکومتی کارکردگی انتہائی ناقص ہے، فلسطین پر اسرائیلی مظالم قابل مذمت ہیں، اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، بھارت اور اسرائیل پاکستان کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلحدیث کارکنان سروں پر کفن باندھ کر نظریہ پاکستان کا تحفظ کریں گے، پاکستان ہمارے اکابرین نے اپنے خون کے نذرانے دے کر حاصل کیا اور اسے بچانےکیلئے ہم کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔

علامہ ساجد میر نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا اسرائیل کیخلاف یکساں موقف حوصلہ افزا ہے، ہمارے اسلاف و اکابرین نے سب سے بھاری تعداد میں پاکستان بنانے کی حمایت کی، آج کا پاکستان ہمارے اسلاف، اکابرین، آباء و اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے، آج پاکستان کو بچانے کیلئے بانیان پاکستان کی اولادیں ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، ملک کے فرسودہ نظام سے نجات حاصل کرنے کیلئے ملک کی نوجوان نسل کو آگے بڑھنا ہوگا، ملکی ترقی اور استحکام کیلئے حکمرانوں کو مثبت فیصلے کرنا ہوں گے، قیام پاکستان سے لے کر آج تک عوام ہی قربانی دے رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں اب حکمرانوں کو قربانی دینا ہوگی، ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ استحکام پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 882097

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/882097/اسرائیل-کو-تسلیم-نہیں-کریں-گے-پروفیسر-ساجد-میر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org