0
Monday 24 Aug 2020 17:23

شہریوں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا اسے رائیگاں نہیں جانے دیں گے، میئر کراچی

شہریوں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا اسے رائیگاں نہیں جانے دیں گے، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے میئر وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے سہارے قدم بہ قدم آگے بڑھتے رہیں گے، شہریوں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا اسے رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ میں میئر کراچی وسیم اختر کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ شہریوں کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ترجیحات طے کرنا ہوں گی، 30 اگست 2016ء کو جیل سے آکر میئر کا حلف اٹھایا، حلف اٹھانے کے بعد مجھے پھر جیل بھیج دیا گیا، 16 نومبر 2016ء کو ضمانت ملی پھر رہا ہوا۔ وسیم اختر نے کہا کہ میئر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اداروں میں جو صورت حال ملی وہ ابتر تھی، مالیاتی معاملات کمزور تھے اس کے باوجود اداروں کو مستحکم اور فعال بنایا، ہر ممکن کوشش کی غیر ترقیاتی اخراجات کو کم سے کم رکھا جائے، گزشتہ 4 سال میں ایک بھی نئی گاڑی نہیں خریدی، جو گاڑیاں پہلے سے کے ایم سی کے پاس تھیں انہی سے کام لیا۔ پریس کانفرنس کے دوران میئر کراچی جذباتی ہوگئے اور کہا کوئی بھی میرے خط کا جواب نہیں دیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو گاڑیاں خراب تھیں انہیں درست کرا کر کام لیا، ہم نے محدود وسائل اور مشکل حالات میں کام جاری رکھا، 4 سال میں جو خطوط لکھے ان کی سمری میرے پاس موجود ہے، وزیراعظم کو کراچی کے ایشوز سے متعلق 7 خط لکھے، کراچی کے مسائل کے حوالے سے چیف منسٹر کو 30 خط لکھے، مسلسل خطوط لکھتا رہا ایک کا بھی جواب نہ آیا۔ میئر نے بتایا کہ کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کو 77 ملین کی ادویات فراہم کی گئیں، محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ میں 10 سال بعد طبی آلات اور مشینری فراہم کی، مخیر حضرات سے درخواست کرکے یہ کام کرائے گئے، بحریہ ٹاؤن انتظامیہ سے ان کاموں میں ہماری مدد کی، عباسی شہید اسپتال کے چائلڈ کیئر سینٹر میں بچوں مفت علاج ہوتا ہے۔ وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ عباسی شہید اسپتال میں کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری نے مفت ٹیسٹنگ کی، ٹیسٹنگ لیبارٹری میں روزانہ 65 ٹیسٹ ہوتے ہیں، میونسپل کارپوریشن کے ماتحت واحد اسپتال ہے جو کورونا کا مکمل ٹیسٹ کررہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 882220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش