0
Monday 24 Aug 2020 20:52

جارح سعودی فوجی اتحاد نے ایندھن کے 20 بحری جہاز تاحال ضبط کر رکھے ہیں، یمن

جارح سعودی فوجی اتحاد نے ایندھن کے 20 بحری جہاز تاحال ضبط کر رکھے ہیں، یمن
اسلام ٹائمز۔ عرب نیوز چینل المسیرہ کے مطابق یمنی وزارت تیل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد نے یمنی ایندھن کے حامل 20 بحری بیڑوں کو تاحال روک رکھا ہے جن میں دو بحری بیڑے میزوٹ (Mazute) ایندھن اور گھریلو گیس کے حامل ہیں۔ یمنی وزارت تیل کے مطابق تمام یمنی بحری بیڑوں کی تلاشی مکمل ہو چکی ہے اور ان کے پاس اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامہ بھی موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے ضبط کئے گئے یمنی بحری بیڑوں میں 2 لاکھ 3 ہزار 480 ٹن پٹرول اور 1 لاکھ 97 ہزار 499 ٹن ڈیزل بھی موجود ہے۔ یمنی وزارت تیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے ان بحری بیڑوں کا ضبط کیا جانا عالمی انسانی حقوق اور انسانی حقوق سے متعلق بین الاقوامی قوانین سمیت انسانیت کے تمام تقاضوں کے بھی خلاف ہے۔

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد نے سمندری قزاقوں کا کردار ادا کرتے ہوئے ان بحری بیڑوں کو الحدیدہ بندرگاہ پر پہنچنے سے روک رکھا ہے جو غیر فوجی یمنی شہریوں کے محاصرے کے مترادف ہے۔ واضح رہے کہ یمن گزشتہ 4 ماہ سے ایندھن کے شدید بحران میں مبتلا ہے جبکہ مظلوم و جنگ زدہ یمنی عوام اپنے ہسپتالوں کی توانائی کو پورا کرنے سمیت تمام بنیادی انسانی ضرورتوں کے لئے خوراک و تیل کے حامل ان بحری بیڑوں کی وطن آمد کا بیقراری کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 882243
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش