0
Tuesday 25 Aug 2020 00:28

جی بی الیکشن کے معاملے پر ایک بار پھر آل پارٹیز کانفرنس طلب

جی بی الیکشن کے معاملے پر ایک بار پھر آل پارٹیز کانفرنس طلب
اسلام ٹائمز۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے عام انتخابات کے معاملے پر ایک بار پھر آل پارٹیز کانفرنس بلا لی۔ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات گلگت بلتستان اسمبلی برائے 2020ء کے انعقاد کے سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کی آراء، تجاویز، مشاورت و رہنمائی درکار ہے جس کیلئے کل جماعتی اجلاس کا انعقاد ضروری ہے، لہٰذا گلگت بلتستان کے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے گزارش ہے کہ وہ مورخہ 26 اگست بروز بدھ دن گیارہ بجے دفتر الیکشن کمیشن گلگت بلتستان آکر کل جماعتی اجلاس میں شریک ہوں تاکہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی قیمتی آرا، تجاویز، مشاورت و رہنمائی سے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان مستفید ہوسکے اور بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی چیف الیکشن کمشنر نے 9 جولائی کو آل پارٹیز کانفرنس بلائی تھی جس میں تمام جماعتوں نے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم تیاریاں نہ ہونے اور بعد میں چیف کورٹ کے ایک فیصلے کی روشنی میں الیکشن شیڈول کو معطل کیا گیا تھا۔ پہلے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 18 اگست کو پولنگ ہونا تھی۔ چار روز پہلے اسلامی تحریک کے زیر اہتمام گلگت میں آل پارٹیز کانفرنس ہوئی تھی جس میں تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر الیکشن کمیشن کو الٹی میٹم دیا تھا کہ دس روز کے اندر اندر الیکشن شیڈول جاری نہ کیا گیا تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اس اے پی سی کے الٹی میٹم کو چار روز گزر چکے ہیں تاہم ابھی تک نیا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب گلگت بلتستان کے سیاسی حلقوں میں اس خدشے کو تقویت مل رہی ہے کہ جی بی الیکشن اگلے سال مئی تک ملتوی ہونے کا امکان ہے، خود تحریک انصاف کی وفاقی حکومت الیکشن کے التوا کی حامی بتائی جاتی ہے تاہم جی بی کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کسی صورت الیکشن کے مزید التوا کی حامی نہیں ہیں۔ بدھ کے روز منعقد ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں اصل صورتحال واضح ہوگی اور الیکشن کمیشن کا موقف بھی واضح ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں جی بی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کے ٹکٹ کے امیدواروں کے انٹرویو سے قبل پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے تمام امیدواروں سے الگ الگ ملاقات کی جس میں انہوں نے امیدواروں کو الیکشن اگلے سال مئی تک ملتوی کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی تھی تاہم تمام امیدواروں نے وقت پر الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 882263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش