0
Tuesday 25 Aug 2020 09:02
کُل مسالک علماء بورڈ کے وفد کی اقبال ٹاون میں مجلس عزاء میں شرکت

فرقہ واریت پاکستان اور اسلام دشمنوں کی سازش ہے، مولانا عاصم مخدوم

فرقہ واریت پاکستان اور اسلام دشمنوں کی سازش ہے، مولانا عاصم مخدوم
اسلام ٹائمز۔ مذہبی روادری کے فروغ کیلئے کُل مسالک علماء بورڈ کے وفد نے لاہور میں امام بارگاہ کالی کوٹھی اقبال ٹاون کا خیر سگالی دورہ کیا۔ وفد کے ارکان کا کہنا تھا ہمارا ملک کسی بھی قسم کی فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہو سکتا، شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مجلس عزاء کا دورہ کرنیوالے وفد میں مولانا محمد عاصم مخدوم، قاسم علی قاسمی، توقیر حسین بابا، علامہ اصغر عارف چشتی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔

اس موقع پر مولانا محمد عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک کسی بھی قسم کی فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی شیعہ سنی جھگڑا نہیں، اس کی واضح مثال یہ آپ کے سامنے ہے کہ ہم اہلسنت اپنے اہل تشیع بھائیوں کی مجلس میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت پاکستان اور اسلام دشمنوں کی سازش ہے، جس کا مقصد اسلام اور پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سازش کا ادراک کرتے ہوئے اپنے دین اور ملک کو بچانا ہوگا۔ مولانا مخدوم کا کہنا تھا کہ جو فرقہ واریت کو ہوا دیتے ہیں ان کا تعلق خواہ جس بھی فرقے سے ہو، وہ اسلام و پاکستان کے دشمن اور استعمار کے ایجنٹ ہیں، ان سے خبردار رہیں۔

قاسم علی قاسمی نے کہا تمام مکاتب فکر کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اتحاد امت کے لیے نیک شگون ہے، ہمارا مشن امن اور اتحاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ہر قسم کی فرقہ واریت سے پاک کریں گے، اس مقصد کیلئے کُل مسالک علماء بورڈ اپنا کردار جاری رکھے گا۔ توقیر بابا کا کہنا تھا سی سی پی او کی ہدایت پر ضلعی امن کمیٹی کے ممبران دورے کر رہے ہیں جن کا مقصد مذہبی رواداری کو فروغ دینا اور دشمنان اسلام کو بتانا ہے کہ شیعہ و سنی اسلام کے دو بازو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے مقدسات کی توہین نہ کی جائے، مجلس کو ایسا بنایا جائے کہ تمام مکاتب فکر اور تمام مذاہب کے لوگ یہاں آکر فکر حسینیؑ سے اپنے دلوں کو منور کرکے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 882299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش