0
Wednesday 26 Aug 2020 00:24

افغان طالبان کے وفد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

افغان طالبان کے وفد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغان عمل میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا، مشترکہ ذمہ داری کے تحت پاکستان اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق ملا عبدالغنی بردار کی سربراہی میں افغان طالبان کے وفد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں افغان امن عمل میں پیشرفت، بین الافغان مذاکرات کے جلد انعقاد پر گفتگو کی گئی، وفد نے طالبان امریکا معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، مخلصانہ کاوشیں دوحہ معاہدے کی صورت میں بارآور ثابت ہوئیں، توقع ہے کہ افغان قیادت نادر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے انٹرا افغان مذاکرات کے جلد انعقاد کا متمنی ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، افغانستان میں معاشی مواقعوں کی فراہمی کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی اور معاشی استحکام کے لیے عالمی برادری کام کرے، وفد کو افغان امن عمل کو سبوتاژ کرنے سے متعلق ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغان امن عمل سمیت خطے میں دیرپا امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 882432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش