0
Wednesday 26 Aug 2020 09:01

ٹیم ورک اور بین المسالک ہم آہنگی سے محرم کو پُرامن بنائیں گے، اشفاق خان

ٹیم ورک اور بین المسالک ہم آہنگی سے محرم کو پُرامن بنائیں گے، اشفاق خان
اسلام ٹائمز۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ ٹیم ورک، ادارہ جاتی ورکنگ ریلیشن شپ، بین المسالک ہم آہنگی اور منتظمین پروگرامز کے تعاون سے محرم کو پرُامن بنائیں گے۔ لاء اینڈ آرڈر اور سکیورٹی انتہائی سخت رہے گی، کسی قسم کی غفلت اور تاخیر ہرگز برداشت نہیں، پولیس، عزاداری جلوسوں اور مجالس کے منتظمین شرکاء کو ماسک پہننے اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے لازمی تاکید کریں۔ انہوں نے یہ بات کربلا گامے شاہ، امام بارگاہ اشرف حیدری سمیت شہر کے اہم مقامات کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کربلا گامے شاہ سمیت شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کربلا گامے شاہ، امام بارگاہ اشرف حیدری نجف بازار لیاقت آباد سمیت مختلف امام بارگاہوں کے سکیورٹی انتظامات چیک کئے اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ متعلقہ ایس پیز، ڈی ایس پیز اورایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 
اشفاق خان نے امام بارگاہوں کے منتظمین سے بھی ملاقات کی۔ کربلا گامے شاہ دورہ کے موقع پر ایس پی سٹی تصور اقبال نے ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے امام بارگاہ میں لگائی گئی سبیلوں اور دکانداروں سے بھی بات چیت کی اور انہیں سکیورٹی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ اشفاق خان نے کہا کہ شہر میں منعقد ہونیوالی 5 ہزار 235 مجالس اور 650 جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، حساس و مرکزی جلوسوں اور مجالس کو چار درجاتی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ سٹی ڈویژن اور کربلا گامے شاہ مرکزی عزادای جلوس کی وجہ سے انتہائی حساس ہیں۔ سٹی ڈویژن میں مجموعی طور پر 120 امام بارگاہیں،1 ہزار 190 مجالس اور 235 عزاداری جلوس ہیں جن میں کیٹیگری اے کے 22 عزاداری جلوس اور 130 مجالس منعقد ہوتی ہیں۔
 
انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے ایڈوانس انٹیلی جنس ضروری ہے، پولیس افسران ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو پروگراموں کی حساسیت بارے بریفنگ دیں۔ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں، کسی بھی شخص کو چیکنگ کے بغیر داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ اشفاق خان نے کہا کہ مجالس، جلوسوں میں داخلے کے لئے پولیس افسران و جوان اور رضا کار عزاداروں کی واک تھروگیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز سے مکمل چیکنگ یقینی بنا رہے ہیں۔ خواتین کی مجالس میں لیڈی کانسٹیبلز تعینات اور خواتین رضاکاروں سے سکیورٹی اور چیکنگ میں معاونت لی جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے اوقات کار کی پابندی پر عملددرآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ پولیس افسران مرکزی جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کو چیک کرنے کیلئے خود فیلڈ میں رہیں اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ اور علاقائی امن کمیٹیوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔
 
انہوں نے کہا کہ حساس امام بارگاہوں، مجالس، جلوسوں کے گردونواح میں سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ پولیس افسران امام بارگاہوں کی انتظامیہ اور علاقائی امن کمیٹیوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ امام بارگاہ اور مجالس و جلوس منتظمین نے بھرپور سکیورٹی انتظامات پر ڈی آئی جی آپریشنز سے اظہار تشکر کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نجف بازار لیاقت آباد کی مجلس اور عزاداری جلوس کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات کیلئے ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد، ڈی ایس پی، ایس ایچ اواور ٹیم کو شاباش دی۔ ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد نے بھی کوٹھا پنڈ فیصل ٹاؤن سمیت شہر کی مختلف امام بارگاہوں کی سکیورٹی چیک کی۔ ایس پیز، ڈی ایس پیز نے ایس ایس پی آپریشنز کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ ایس ایس پی آپریشنز نے امام بارگاہوں کے منتظمین سے بھی ملاقات کی۔ ایس ایس پی آپریشن لاہور فیصل شہزاد نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ اور تھانوں کی گاڑیاں امام بارگاہوں کے اطراف موثر پٹرولنگ کریں۔
خبر کا کوڈ : 882466
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش