0
Wednesday 26 Aug 2020 20:44

گلگت میں آل پارٹیز کانفرنس، 20 نومبر سے پہلے انتخابات کے انعقاد پر اتفاق

گلگت میں آل پارٹیز کانفرنس، 20 نومبر سے پہلے انتخابات کے انعقاد پر اتفاق
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں 20 نومبر سے پہلے عام انتخابات کے انعقاد پر اتفاق کر لیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہونے والی اے پی سی میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بعد میں جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چونکہ نومبر کے آخری ہفتے سے گلگت بلتستان میں موسم سرما کی آمد اور برفباری اور بارشوں کی وجہ سے متعدد گاﺅں اور دور دراز کے پہاڑی علاقوں کا صوبہ سے زمینی رابطہ منقطع ہو جاتا ہے، ایسی صورتحال میں نومبر، دسمبر میں الیکشن کا انعقاد نہ صرف ٹرن آﺅٹ پر اثر انداز ہوگا بلکہ بہ سارے ووٹرز بھی ووٹ کے قانونی حق سے محروم ہو جائیں گے۔

آمدہ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے گلگت بلتستان چیف کورٹ نے تین ماہ کا قلیل وقت دیا ہے، الیکشن کے انعقاد کی صورت میں الیکشن کمیشن جی بی کو الیکشن ایکٹ 2017ء کے دفعہ 28 کے تحت ووٹر لسٹوں کی اشاعت، ڈسپلے اور نوٹس اور اعتراضات وغیرہ کیلئے کم از کم 30 دن درکار ہیں۔ چونکہ دسمبر کے مہینے میں الیکشن کا انعقاد خارج از امکان ہے، اس لیے دسمبر سے پہلے الیکشن کے انعقاد کی صورت میں قلیل مدت کے باعث الیکشن کمیشن کو الیکشن ایکٹ 2017ء میں دیئے گئے عمومی قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے الیکشن کا انعقاد کرانا ممکن نہیں ہے، ایسے مخصوص اور ناگزیر حالات میں الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو الیکشن ایکٹ کے دفعہ 49 کے تحت عمومی قواعد و ضوابط سے ہٹ کے نئے قواعد وضع کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

لہٰذا سیاسی جماعتوں کے صدو و نمائندگان کی حیثیت سے ہم تمام شرکاء متفقہ طور پر یہ تجویز کرتے ہیں کہ آمدہ الیکشن کے جلد از جلد انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن گلگت بلتستان الیکشن ایکٹ 2017 کے دفعہ 49 میں دیئے گئے اپنے قانونی اختیار کا استعمال کرکے ووٹر لسٹوں کی اشاعت، ڈسپلے اور نوٹس اور اعتراضات وغیرہ کیلئے کم از کم تیس دن کی مدت ختم کرکے کم سے کم دن مقرر کرے اور یہ کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان اپنے تمام قانونی و آئینی اختیارات استعمال کر کے یہ بات یقینی بنائے کہ 20 نومبر 2020ء سے پہلے الیکشن کا انعقاد ممکن ہو سکے۔ یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے دوسری مرتبہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی تھی، اس سے پہلے چھ جولائی کو بھی اے پی سی ہوئی تھی، ساتھ ہی گزشتہ ہفتے اسلامی تحریک پاکستان کے زیر اہتمام بھی آل پارٹیز کانفرنس ہوئی تھی۔ جس میں الیکشن کمیشن کو دس دن کے اندر الیکشن شیڈول جاری کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ صدر پاکستان نے 18 اگست کو پولنگ ڈے کی منظوری دی تھی اور چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکشن شیڈول جاری کیا گیا تھا تاہم بعد میں چیف کورٹ کے فیصلے کے بعدمعطل کیا گیا۔ بدھ کے روز منعقد ہونے والی اے پی سی میں صحافیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 882613
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش