QR CodeQR Code

تاریخ کی تیز ترین بارشوں کے اگلے دن کراچی میں زندگی رواں دواں ہے، ناصر شاہ

26 Aug 2020 21:05

ایک بیان میں وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ جب تک پرویز مشرف کے دور میں نالوں پر ہونے والی تجاوزات کا خاتمہ نہیں ہوگا، کراچی میں نکاسی آب کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، کراچی کے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کرنے کی ذمہ دار وہ قوتیں ہیں کہ جنہوں نے نالوں پر قبضے کئے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ 90 سالہ تاریخ کی تیز ترین بارشوں کے آج اگلے دن کراچی میں زندگی رواں دواں ہے۔ سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں 90 سالہ تاریخ کی تیز ترین بارشیں ریکارڈ کی گئیں، تاریخی برسات کے ختم ہوتے ہی پانی کی نکاسی کا عمل شروع کردیا گیا، صوبے کے تمام محکمے فعال رہے، اس دوران وزراء سمیت اراکین اسمبلی بھی عوام کے ہمراہ رہے اور محکمہ بلدیات کے عملے نے رات بھر نکاسی کے عمل کو مکمل کیا۔

وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے سندھ کے مختلف شہروں میں تیز ترین برسات کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں، مشرف دور میں اس سے کم بارشیں ہوئی تھیں لیکن 4 دن تک کراچی بند رہا تھا، جب کہ 90 سالہ تاریخ کی تیز ترین بارشوں کے آج اگلے دن کراچی میں زندگی رواں دواں ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑھ رہا ہے کہ اس قومی آفت کے دوران وفاق نے سندھ کو لاوارث چھوڑ دیا، حکومتی ترجمان مثبت کردار ادا کرنے کے بجائے اس قدرتی آفت میں منفی سیاست کررہے ہیں، کراچی کے پریشر گروپس دنیا کے مختلف ممالک میں بارشوں سے تباہی کی ویڈیوز کو کراچی کی ثابت کرکے پروپیگنڈا بھی کرتے رہے، تاریخی برسات کے موقع پر کراچی کے میئر کی بنیادی ذمہ داری تھی مگر وہ کہیں نظر نہ آئے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے برسات کے پانی کی نکاسی کرکے اپنا کردار خوبی سے ادا کیا ہے، تاہم جب تک پرویز مشرف کے دور میں نالوں پر ہونے والی تجاوزات کا خاتمہ نہیں ہوگا، کراچی میں نکاسی آب کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، کراچی کے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کرنے کی ذمہ دار وہ قوتیں ہیں کہ جنہوں نے نالوں پر قبضے کئے۔


خبر کا کوڈ: 882620

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/882620/تاریخ-کی-تیز-ترین-بارشوں-کے-اگلے-دن-کراچی-میں-زندگی-رواں-دواں-ہے-ناصر-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org