QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کی انتقامی پالیسی کے پیچھے فوج نہیں ہے، احسن اقبال

27 Aug 2020 10:42

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت یہ تاثر دے رہی ہے کہ قومی ادارے اس کی انتقامی پالیسی میں شریک ہیں جو قومی سلامتی کے لیے اچھا نہیں اور میں اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ 


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان پر قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ان کی جماعت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کی پالیسی کے پیچھے فوج نہیں ہے۔ احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ سے متعلق کیس میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہماری فوج اور فوجی قیادت کا حکومت کے (سیاسی مخالفین سے) انتقام لینے کے اقدام سے کوئی لینا دینا نہیں کیوں کہ فوج اور (دیگر) قومی ادارے غیر سیاسی ہیں اور وہ سیاست سے دور رہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ حکومت یہ تاثر دے رہی ہے کہ قومی ادارے اس کی انتقامی پالیسی میں شریک ہیں جو قومی سلامتی کے لیے اچھا نہیں اور میں اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت بارہا دعویٰ کرتی ہے وہ اور فوجی قیادت ایک صفحے پر ہے اور یہ تاثر دے رہی ہے کہ ہمارے قومی ادارے حکومت کے کالے کرتوتوں میں اور جو کچھ وہ کر رہی ہے اس میں قومی ادارے ان کے ہاتھوں میں ہے اور یہ (قومی اداروں) کی خواہش پر ہو رہا ہے۔ احسن اقبال نے امید ظاہر کی کہ فوجی قیادت حکومت کی جانب سے انہیں اپنے ظالمانہ اقدامات میں ملوث کرنے کا نوٹس لیں۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے باہر لانے کے لیے اپوزیشن نے خلوص نیت کے ساتھ ایف اے ٹی ایف سے متعلق تمام بلز منظور کروانے کے لیے تعاون کیا لیکن وہ حکومت کو ایف اے ٹی ایف کا نام استعمال کر کے ملک پر کالا قانون نافذ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔


خبر کا کوڈ: 882687

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/882687/پی-ٹی-ا-ئی-کی-انتقامی-پالیسی-کے-پیچھے-فوج-نہیں-ہے-احسن-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org