QR CodeQR Code

ناقص تعمیر، پانی کی عدم نکاسی، کراچی کی شاہراہیں اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

28 Aug 2020 00:40

شاہراہ فیصل کو اربوں روپے میں دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا جو ڈرگ روڈ انڈر پاس کے قریب دھنس گئی جس سے کوئی حادثہ رونما ہونے کا خدشہ ہے، ناتھا خان پل پر بھی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، فائن آرکیڈ کے سامنے سڑک کا حال خستہ ہوگیا، ملیر 15 پر بھی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی میں بارشوں کے بعد شاہراہیں اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں جب کہ سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ کراچی میں حالیہ مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سڑکیں ادھڑ کر رہ گئی جگہ جگہ سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے پڑگئے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ گئیں، بعض مقامات پر سڑکیں بیٹھ کر دھنس گئی ہیں، مرکزی سڑکوں کے ساتھ گلی محلوں میں بھی یہی صورتحال ہوگئی۔ شاہراہ فیصل کو اربوں روپے میں دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا جو ڈرگ روڈ انڈر پاس کے قریب دھنس گئی جس سے کوئی حادثہ رونما ہونے کا خدشہ ہے، ناتھا خان پل پر بھی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، فائن آرکیڈ کے سامنے سڑک کا حال خستہ ہوگیا، ملیر 15 پر بھی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔

کورنگی ایکسپریس وے بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ گئی، یونیورسٹی روڈ بھی کئی مقامات سے ادھڑ گئی۔ عزیزآباد، کریم آباد، لیاقت آباد دس نمبر، ڈاک خانے پر سڑک انتہائی زبوں حالی کا شکار ہوگئی، کورنگی کراسنگ پر بھی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ واٹر پمپ چورنگی، پیالہ ہوٹل، طاہر ولا چورنگی، لنڈی کوتل چورنگی سمیت ضلع وسطی میں مرکزی اور گلیوں کی حالت زبوں حالی کا شکار ہے، اسی طرح اولڈ سٹی ایریا، لیاری، شو مارکیٹ، گاڑدن سمیت مختلف علاقوں میں گلیوں محلوں میں صورتحال انتہائی خراب ہوگئی۔ اسی طرح ضلع غربی میں بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن کی گلیوں کی حالت انتہائی خراب ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ضلع کورنگی میں کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، جعفرطیار سوسائٹی، گرین ٹاؤن میں جگہ جگہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں، ضلع شرقی میں بھی گلشن اقبال تیرہ ڈی ون، ٹو، تھری میں سڑکیں کھنڈر کا منظر پیش کررہی ہیں، بارشوں کے بعد صورتحال مزید خراب ہوگئی، عابد ٹاؤن اور اس کے اطراف میں بھی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ کراچی میں بلدیاتی نظام کل ختم ہورہا ہے اور بارشوں کا سلسلہ اب جاری ہے، تاہم اب سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کراچی میں مرکزی اور علاقائی سڑکیں جو بارشوں میں متاثر ہوئی ہیں ان کی فوری مرمت کی جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے چھٹکارا مل سکے۔


خبر کا کوڈ: 882848

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/882848/ناقص-تعمیر-پانی-کی-عدم-نکاسی-کراچی-شاہراہیں-اور-سڑکیں-ٹوٹ-پھوٹ-کا-شکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org