0
Friday 28 Aug 2020 17:35

کراچی میں بارش سے تباہی صوبائی و وفاقی حکومتوں کی نااہلی کا ثبوت ہے، جماعت اسلامی

کراچی میں بارش سے تباہی صوبائی و وفاقی حکومتوں کی نااہلی کا ثبوت ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پر انتہائی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے باوجود احتیاطی تدابیر اور پانی کے نکاس کیلئے ممکنہ اقدامات بروئے کار نہ لانا صوبائی، شہری اور وفاقی حکومت کی نااہلی و نالائقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ خصوصاً کراچی میں گذشتہ ایک ہفتے سے مسلسل طوفانی بارشوں کے نتیجے میں نہ صرف کچی آبادیاں بلکہ پوش ایریاز میں بھی بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ تمام انڈر پاسز سمیت مصروف ترین شاہراہوں اور ائرپورٹ کا رن وے بھی ڈوب چکا ہے، لیکن انتظامیہ کہیں بھی دکھائی نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جو کبھی روشنیوں کا گھر اور منی پاکستان کہلاتا تھا، آج اسکے گلی، کوچے اور مرکزی شاہراہیں سمندر کا منظر پیش کر رہے ہیں، لیکن بے حس حکمران ایک دن کی چھٹی اور عوام کو گھروں میں بیٹھنے کی نصیحت کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام بڑے شہروں اور دیہات میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے، لاکھوں لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر اونچے ٹیلوں، سرکاری اور نجی اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے، انکے معصوم بچے بھوک پیاس سے بلک رہے ہیں اور مال مویشی ڈوب چکے ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ بلاشک یہ ایک قدرتی ناگہانی آفت ہے، لیکن اگر حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کی جاتی، تو آج اتنے بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کا سب سے بڑا شہر اور صوبائی دارالحکومت کراچی بارش کے پانی میں ڈوب گیا، معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی، تو پھر سندھ کے باقی اضلاع کے عوام کس اذیت سے دوچار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارش صوبائی و شہری حکومتوں کے تمام دعوؤں کو بہا کر لے گئی، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو اس آفت پر پوائنٹ اسکورنگ سے گریز، ملکر مدد اور حل تلاش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے بارش متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے، فوری طور پر نکاسی آب اور متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد اور کاروباری لوگوں کو ریلیف دیا جائے، وفاقی، صوبائی اور شہری حکومت آپس میں لڑنے، الزام تراشی کی بجائے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مصیبت کے مارے عوام کی ہر ممکن مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن الخدمت کے رضاکاروں کے ساتھ ملکر بارش متاثرین کی بھرپور مدد کریں۔ صوبائی امیر نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 882956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش