0
Friday 28 Aug 2020 19:57

مکتب اہل بیت کسی کی تکفیر یا مقدسات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا، علامہ ناصر عباس جعفری

مکتب اہل بیت کسی کی تکفیر یا مقدسات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اہل سنت ہمیں دل و جان کی طرح عزیز ہیں، مکتب اہل بیت اطہار علیہم السلام ہمیں کسی کی تکفیر یا مقدسات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا، جو لوگ دین کے نام پر بھائی کو بھائی سے لڑانا چاہتے ہیں ان کا ملت تشیع سے کوئی تعلق نہیں، ماہ محرم دوسروں کو امام عالی مقام کی طرف دعوت دینے کا مہینہ ہے، دوسروں کے مذہبی جذبات مجروح کرکے اپنے آپ سے دور کرنے کا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام کی ذات تمام مسلمانوں کے لئے مرکز وحدت ہے، کسی بھی قسم کی منافرت کو ہوا دینا وطن کے ساتھ بھی بے وفائی ہے، ارض پاک ہمارا گھر ہے، ملت تشیع ایسے عناصر کا محاسبہ کرے گی جو ہمارے گھر میں آگ لگانا چاہتے ہیں، کسی پر تہمت لگانا، بدعملی، قتل و غارت، دہشت گردی اور کسی کے عقائد کی تضحیک ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں ہیں، شیعہ سنی وحدت و اخوت کے ہتھیار سے ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عراق میں بھی شیعہ سنی فسادات برپا کرکے وہاں کے امن و امان کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی، جسے شیعہ سنی معتدل علماء نے دانش و بصیرت سے ناکام بنایا، موجودہ حالات میں وطن عزیز کے علما کو بھی مدبرانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، متنازع اور اختلافی امور کی غیر ضروری تشہیر جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے، اس ایجنڈے کے پیچھے طاغوتی و استکباری طاقتوں کے خفیہ ادارے پوری طرح متحرک ہیں، ان عالمی سازشوں کا درک کرتے ہوئے جذبات کی بجائے ہوشمندی سے کام لینا ہی حالات کا تقاضہ اور سمجھداری ہے۔
خبر کا کوڈ : 882967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش