QR CodeQR Code

غلبہ اسلام کیلئے ظالم اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے، جماعت اسلامی

29 Aug 2020 19:04

یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ حسینیت حق اور یزیدیت باطل کا نام ہے، واقعہ کربلا درس انقلاب ہے، جو اسلامی حکومت کے قیام کیلئے جدوجہد اور یزیدی صفت حکمرانوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ غلبہ اسلام، ظالم اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے، حسینیت حق اور یزیدیت باطل کا نام ہے، واقعہ کربلا درس انقلاب ہے، جو اسلامی حکومت کے قیام کیلئے جدوجہد اور یزیدی صفت حکمرانوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام ہے۔ یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؑ نے اپنے خاندان سمیت دین حق کیلئے جام شہادت نوش کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کفر کی حکومت تو چل سکتی ہے، مگر ظلم کی نہیں، حسینیت صرف ایک شہادت نہیں بلکہ غلبہ اسلام کی تحریک کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت اور اسلام کے دشمنوں نے آج کشمیر، برما، فلسطین سمیت پوری دنیا میں ظلم و بربریت سے معرکہ کربلا پربا کر رکھا ہے، اس لیے حق و سچ کا ساتھ اور ظلم کیخلاف ڈٹ جانا ہی پیغام شہادت حسینؑ ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ حق و باطل کا معرکہ ازل سے ابد تک جاری رہے گا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور کرفیو کو آج تیرہ ماہ گزر گئے، یہ بدترین ریاستی دہشتگردی ہے، کشمیر کی افسوس ناک صورتحال پر انسانی حقوق کی تنظیمیں و عالمی ضمیر کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں اسلام کے غلبہ اور نتائج کی پروا کیے بغیر باطل سے ٹکرانے کا درس دینے کے ساتھ اس کے راستے میں آنے والی تمام تر مشکلات میں صبر و استقامت، ایثار و قربانی کی تاکید کرتا ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت اور علماء کرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ یوم عاشور سمیت محرم الحرام میں قیام امن اور تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو یقینی بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 883145

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/883145/غلبہ-اسلام-کیلئے-ظالم-اور-ظلم-کے-خلاف-ڈٹ-جانے-کا-نام-حسینیت-ہے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org