0
Sunday 30 Aug 2020 21:19
لکھا ہے آسماں پہ فسانہ حسینؑ کا، سب کا حسینؑ، سارا زمانہ حسینؑ کا

لاہور، یوم عاشور پر برآمد ہونیوالے تمام چھوٹے بڑے جلوس اختتام پذیر ہوگئے

لاہور، یوم عاشور پر برآمد ہونیوالے تمام چھوٹے بڑے جلوس اختتام پذیر ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ مختلف مقامات پر جلوس و مجالس منعقد کی گئیں، غمِ حسین میں عزادارانِ حسین نے ماتم اور نوحہ خوانی کی جبکہ بارگاہِ شہدائے کربلا میں سوز و سلام کے نذرانے پیش کیے گئے۔ شہر بھر میں جگہ جگہ سبیلوں اور لنگر کا انتظام کیا گیا۔ اندرون موچی دروازہ محلہ شیعاں کشمیری مسجد میں اذان علی اکبر دی گئی۔ سید مرتضیٰ موسوی نے اذان علی اکبر دی۔ بعد از اذان عزاداروں نے ماتم  اور نوحہ خوانی کی۔ امام بارگاہ انجمن حسینیہ ریلوے واشنگ لائن میں بھی اذان علی اکبر دی گئی۔ ادھر جوہر ٹاؤن ادارہ منہاج الحسین میں شام غریباں کی مجلس بپا ہوئی جس سے علامہ گلفام حسین ہاشمی نے خطاب کیا اور شہداء کربلا کے مصائب اور مشکلات پر روشنی ڈالی۔

امام بارگاہ کربلا گامے شاہ، امام بارگاہ بیکھے وال اور امام بارگاہ نشاط کالونی میں بھی شام غریباں کی مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ امام بارگاہ گلستان زہرا ایبٹ روڈ میں مجلس عزا ہوئی علامہ سخاوت علی قمی نے مصائب ِ اہلبیت پر بیان کئے اور مرثیہ خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جبکہ خاک ِ کربلا سے بنائی گئی تسبیح کی زیارت بھی کروائی گئی۔ امام بارگاہ گلستان زہرا میں شدید بارش کے باوجود عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ ادھر امام بارگاہ المرتضی کانگڑہ والے پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا جس سے علامہ کمال حیدر رضوی نے مصائبِ اہل بیت بیان کیے۔ مجلس کے بعد تعزیہ کا جلوس برآمد ہوا، عزادارانِ حسین نے ماتم اور ںوحہ خوانی کی۔

جلوس مقررہ راستوں عالمگیر روڈ، بلاک سیداں، نیلی بار موڑ سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ المرتضی کانگڑہ والے پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ امام بارگاہ بابا گھوڑے شاہ سے برآمد ہونیوالا شبیہہ ذوالجناح کا جلوس روایتی راستوں  سے ہوتا ہوا مغرب سے قبل  ٹھوکر نیاز بیگ میدان کربلا پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔

ادارہ منہاج الحسین جوہر ٹاؤن میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس سے علامہ محمد حسین اکبر نے مصائب بیان کئے۔ بعداز  مجلس شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم کا جلوس برآمد ہوا۔ عزاداروں نے نواسہؓ نبی اکرمﷺ کو پرسہ دیا۔ جلوس حسینی چوک، ایکسپو سنٹر لنک روڈ و دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ادارہ منہاج الحسین پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ اسی طرح امامیہ کالونی کی مرکزی جامع مسجد سے شبیہہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا۔ جلوس میں عزاداروں نے ماتم اور نوحہ خوانی کی۔ جلوس کربلا امامیہ کالونی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ ماڈل ٹاؤن میں سید نجم الحسن نقوی کی رہائشگاہ پر مجلس عزا بپا ہوئی۔ علامہ فراز حیدر کاظمی نے مصائب اہلبیتؑ بیان کئے۔

بعداز مجلس شبیہہ ذوالجناح بھی برآمد ہوئی۔ عزدارانِ حسین نے ماتم اور نوحہ خوانی کی۔ محلہ نبی پورہ شعیاں میں شبیہ ذوالجناح کا قدیمی جلوس امام بارگاہ عبداللہ اور امام بارگاہ حسین آباد سے برآمد ہوا۔ عزاداروں نے ماتم اور نوحہ خوانی کی۔ جلوس میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی بھی کثیر تعداد شریک تھی۔

دوسری جانب امام بارگاہ سید قربان حسین سبزواری شاہ پور کانجراں میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔ ذاکر اہلبیت مختار حسین جعفری نے پُرسوز انداز میں مصائبِ اہل بیت بیان کئے۔ بعداز مجلس شبیہہ ذوالجناح بھی برآمد ہوئی، عزاداروں نے ماتم اور نوحہ خوانی کی اور دختر رسول کو پرسہ دیا۔ جامع مسجد حیدریہ شاہدرہ ٹاؤن سے شبیہہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا،جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہے امام بارگاہ عطا جادہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ امام بارگاہ باب العلم نشاط کالونی میں بھی زیارت برآمد  ہوئی، عزاداران حسین نے سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کی۔ یوم عاشور کے موقع پر جعفریہ کالونی میں امام بارگاہ زینبیہ سے شبیہہ ذوالجناح کا جلوس نکالا گیا، جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ امام بارگاہ قصر بتول نجف کالونی سے شبیہہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا، عزاداروں کی کثیر تعداد نے جلوس میں شرکت کی۔

ادھر امام بارگاہ سید شبیر حسین شاہ علی رضا آباد میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس عزاء کے اختتام پر شبیہہ ذوالجناح کا قدیمی جلوس مسجد مریم پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ انجمن حسینیہ کے رضا کاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ الشجر بلڈنگ نیلا گنبد سے برآمد ہونیوالا شبیہہ ذوالجناح کا جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس الشجر بلڈنگ میں اختتام پذیر ہوا۔ ادھر کینٹ میں آر اے بازار امام بارگاہ سید اسلم علی شاہ سے شیعہ سنی مشترکہ تعزیہ اور علم کا جلوس نکالا گیا۔ جلوس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 883271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش