0
Sunday 30 Aug 2020 21:32

یوم عاشور پر شاندار سکیورٹی انتظامات، وزیراعلیٰ کا پولیس کو خراج تحسین

لاہور میں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 14 ہزار پولیس اہلکار تعینات تھے
یوم عاشور پر شاندار سکیورٹی انتظامات، وزیراعلیٰ کا پولیس کو خراج تحسین
اسلام ٹائمز۔ یوم عاشور کے موقع پر شاندار سکیورٹی انتظامات کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آئی جی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلوسوں اور مجالس عزاء کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا اور کنٹرول روم سے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے 600 سے زائد کیمروں کی مدد سے مختلف روٹس کی مانیٹرنگ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی اتھارٹی میں ہونیوالے خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کی۔

اجلاس میں اعلیٰ پولیس حکام نے وزیراعلیٰ کو امن و امان کیلئے کئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ یوم عاشور پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 14 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ 600 سی سی ٹی وی، 26 پورٹیبل سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی جبکہ موبائل کمانڈ وہیکل سے بھی نگرانی کا عمل جاری رکھا گیا۔ جلوس کے دوران موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس جزوی معطل  رکھی گئی۔ واک تھرو گیٹ سے انٹری ہوئی جبکہ میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ اور جامہ تلاشی کے بغیر مجالس اور جلوسوں میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

دوسری جانب سی سی پی او ذوالفقار حمید نے بھی موچی گیٹ کا دورہ کیا اور مرکزی جلوس کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ادھر سپیشل سیکرٹری داخلہ اقبال حسین نے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ داخلہ کے تمام ڈپٹی سیکرٹریز کی کارکردگی کو سراہا۔ اقبال حسین کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ پنجاب میں قائم کنٹرول روم سے پنجاب بھر کے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی حسین بہادر نے بھی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور نے تمام روٹس کی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
خبر کا کوڈ : 883272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش