0
Monday 31 Aug 2020 15:00

سندھ کے بلدیاتی ادارے تحلیل، نوٹیفکیشن جاری

سندھ کے بلدیاتی ادارے تحلیل، نوٹیفکیشن جاری
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے بلدیاتی اداروں کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے سابق منتخب نمائندوں کو سرکاری گاڑیاں اور دیگر مراعات واپس کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے بلدیاتی اداروں کو مدت مکمل ہونے پر تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، سندھ حکومت نے میئرز، ڈپٹی میئرز چیئرمین، وائس چیئرمین اور منتخب نمائندوں کی مدت مکمل ہونے کا پروانہ جاری کیا۔ میونسپل کارپوریشن، ڈسٹرکٹ کونسلز، یونین کونسلز کے ساتھ ساتھ میونسپل، ٹاؤن اور یونین کمیٹیز بھی تحلیل کردی گئی۔ نوٹیفکیشن میں سابق منتخب نمائندوں کو سرکاری گاڑیاں اور دیگر مراعات واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب بلدیاتی اداروں میں جلد نئی تعیناتیوں کا امکان ہے، حیدرآباد کیلئے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے اپنے اپنے نام دے دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر سکھر کیلئے شاہ ہاؤس اور شیخ ہاؤس میں پھر ٹھن گئی ہے۔

خورشید شاہ نے موجودہ ڈی سی رانا عدیل اور شیخ ہاؤس نے سابق ڈی سی رحیم بخش میتلو اور نثار میمن کو تجویز کردیا ہے۔ خیال رہے چند روز قبل معروف بیوروکریٹ یونس ڈھاگا کو ایڈمنسٹریٹر کراچی لگائے جانے کا امکان کی خبریں آئی تھیں، تاہم وزیر تعلیم سندھ نے خبروں کی تردید کردی تھی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ یونس ڈھاگا گریڈ بائیس کے افسر رہے ہیں اور کئی اہم وفاقی و صوبائی سرکاری عہدوں پر ذمے داری انجام دے چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 883378
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش