QR CodeQR Code

کراچی والوں کی میئر سے جان چھوٹ گئی، لوگ یوم تشکر منا رہے ہیں، مصطفیٰ کمال

1 Sep 2020 16:26

پریس کانفرنس سے خطاب میں چیئرمین پی ایس پی نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل ہم نے 16 نکات پر مشتمل مطالبات میں 2017ء میں سامنے رکھے تھے، میرے دور میں کراچی 12 ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا، آج 10 سال بعد کراچی 4 خراب ترین شہروں میں شمار ہو رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے رہنما سید مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی والوں کی میئر سے جان چھوٹ گئی لوگ یوم تشکر منا رہے ہیں۔ سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران بلدیاتی حکومت کی مدت کے خاتمے سے متعلق کہا ہے کہ شکر ہے شہر میں چار سال سے مسلط بلدیاتی نمائندوں کا خاتمہ ہوا ہے، میئر کے لئے جو ریمارکس سپریم کورٹ نے دیئے وہ میئر کے لئے شرم کا مقام ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل ہم نے 16 نکات پر مشتمل مطالبات میں 2017ء میں سامنے رکھے تھے، میرے دور میں کراچی 12 ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا، آج 10 سال بعد کراچی 4 خراب ترین شہروں میں شمار ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2008ء میں پی پی کی حکومت آئی، اس کے بعد ایک پتھر ایسا نہیں رکھا گیا کہ جس کی فیس منظور کاکا نے آصف زرداری کو نہ دی ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پی پی کے چکر میں سندھی مہاجر ایک دوسرے کو گالی نہ دیں، ہم کراچی کے مسائل کے حل کے چھ نکات پیش کر رہے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی شروع سے صوبائی حکومت کے ماتحت تھی، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کبھی بھی میئر کے ماتحت نہیں رہی۔ پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی کی مردم شماری صحیح کی جائے، صوبائی خودمختاری کی طرح اضلاع اور یونین کونسلز کو خودمختاری دی جائے اور شہر کی تمام اتھارٹیز کو ایک میئر کے ماتحت ہونا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 883629

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/883629/کراچی-والوں-کی-میئر-سے-جان-چھوٹ-گئی-لوگ-یوم-تشکر-منا-رہے-ہیں-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org