QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، مسلسل بارش کے باعث سیلابی صورتحال

بجلی غائب، رابطہ پل منہدم، گھروں و دکانوں میں برساتی پانی داخل

1 Sep 2020 23:02

دو روز سے جاری بارش سے پورا شہر جل تھل ہو گیا اور شہر کی سڑکیں اور گلیاں تالاب بن گئیں۔ مسلسل بارش کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ پولیس دفتر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کی عدالت سمیت دیگر کئی سرکاری دفاتر میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جبکہ ڈی پی او آفس کی عمارت کے منہدم ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دو روز سے جاری مسلسل بارش سے شہر جل تھل ہوگیا، سڑکیں تالاب، گلیاں بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ متعدد سرکاری عمارات میں پانی داخل ہو گیا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دفتر کی عمارت گرنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ واسا سمیت دیگر ادارے معمولات زندگی کو بحال کرنے کیلئے جانفشانی سے کام کر رہے ہیں، مگر مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا سماں ہے۔ دیہی علاقوں میں برساتی نالوں پہ بنائے گئے کئی پل ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے کئی علاقوں کا آپسی رابطہ منقطع ہے۔ دو روز سے مسلسل بارش کے باعث بجلی کے کئی فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں اور کئی علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی بجلی غائب ہے۔ دیہاتوں میں مکانوں و دکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کی اطلاعات ہیں جبکہ ٹیلی فون سمیت دیگر سروسز بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ 

ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری مسلسل بارش کے بعد شہر میں نکا سی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر ڈیرہ یحییٰ اخوندزادہ نے محمد سجاد بلوچ کے ہمراہ چاروں بازاروں، ملتان روڈ ،گریڈ روڈ اور بنوں روڈ کا دورہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر میں مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات تھیں، جس کے بعد تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے کام میں مصروف ہیں، واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی بہترین کام کر رہی ہے، میرے سمیت ،ڈپٹی کمشنر، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ایمرجنسی کی صورت میں کام کر رہی ہیں، دیواریں اور چھت گرنے کی اطلاعات ہیں، جس میں متعدد لوگ زخمی ہوئے ہیں لیکن اللہ کا شکر ہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پہاڑی پانی اور مزید بارشوں کے لئے تمام حفاظتی انتظامات اور اقدامات کئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 883692

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/883692/ڈی-ا-ئی-خان-مسلسل-بارش-کے-باعث-سیلابی-صورتحال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org