0
Wednesday 2 Sep 2020 10:48

مسئلہ کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں ہو سکتی، راجہ فاروق

مسئلہ کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں ہو سکتی، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کا وجود اور تشخص جب تک قائم ہے مسئلہ کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں ہو سکتی، ہماری حکومت بنی تو 22 ارب روپے کے مقروض تھے لیکن ہم نے مالیاتی ڈسپلن قائم کیا آمدن میں اضافہ کیا، گرانٹ لینا بند کی اور ریاست اپنے پاؤں پر کھڑی ہوئی، ہم سب متحد ہیں اور متحد ہو کر آئندہ انتخابات میں جائیں گے ہم میں کوئی دراڑ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں جماعتی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر، سینئر وزیر چودھری طارق فاروق، راجہ نثار، چودھری رخسار، ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی، شوکت علی شاہ اور راجہ صدیق بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہم سب متحد ہیں اور متحد ہو کر آئندہ انتخابات میں جائیں گے ہم میں کوئی دراڑ نہیں، جماعت میں جمہوری ماحول ہے، ہر ایک کو اظہار رائے کی آزادی ہے، 2010ء میں مسلم لیگ (ن) کا قیام عمل میں لایا گیا، وقت نے ثابت کیا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے قیام کا فیصلہ درست تھا، جب مسلم کانفرنس نے شیخ عبداللہ کے موقف کو درست قرار دیا تھا تو پھر جواز نہیں رہتا تھا کہ ہم اس میں رہیں، آزادکشمیر میں اقتدار پرست عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے میدان میں آئے ہیں انہیں ناکامی ہو گی ہم نے 4 سالوں میں اپنے منشور پر عملدرآمد کیا ہے، ہماری صفوں میں کوئی کمزور عقیدے کا حامل شخص موجود نہیں ہم سب ایک ٹیم ہیں میں نے بحثیت وزیراعظم ایک ایم ایل اے جتنا فنڈ اور سکیم لی اگر چاہتا تو زیادہ لے سکتا تھا لیکن مساوات کے اصولوں کو مدنظر رکھا۔ ہر انتخابی حلقے میں کارکنان سے مشاورت کے لیے وزراء کی 6 رکنی ٹیم مقرر کر رہے ہیں جو تمام حلقہ جات کا دورہ کرے گی اور رپورٹ پیش کرے گی۔

راجہ فاروق نے کہا کہ عام انتخابات کی بھرپور تیاری کے لیے جماعتی کارکنان کمر بستہ ہو جائیں، تمام ضلعی صدور کو ضلعی ایڈمنسٹریٹرز، سٹی صدور کو سٹی ایڈمنسٹریٹر اور یوتھ ونگ کے صدور کو لبریشن سیل میں ایڈجسٹ کیا گیا۔ ایم ایس ایف کے 10 نوجوانوں کو بھی ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زکواۃ کونسل میں بھی جماعتی ذمہ داران ایڈجسٹ ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام کارکنان تیاریاں کریں، پرنٹ اور سوشل میڈیا میں جماعت اور حکومت کی کارکردگی کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں، مقبوضہ کشمیر اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے جب تک آزادکشمیر کا وجود اور تشخص قائم ہے مسئلہ کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں ہو سکتی، لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 3 ارب 60 کروڑ روپے کے منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

آزادکشمیر کے ہر گاؤں میں وزیراعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر پروگرام کے تحت منصوبہ جات مکمل کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہم نے چار سالوں میں آزادکشمیر کے محروم پسماندہ طبقات کو میرٹ کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور مساویانہ تعمیروترقی کے ذریعے اقتدار میں شامل کیا، کئی دہائیوں سے منتظر ہونہار لوگوں کو پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کے ذریعے ریاستی ڈھانچے کا حصہ بنایا جو آگے چل کر ایک روشن اور خوشحال آزادکشمیر کو عملی شکل دیں گے، آزادکشمیر کے اندر بھبر سے لے کر تاؤبٹ تک تمام مرکزی شاہرات کی تعمیر اور ری کنڈیشنگ کے ساتھ ساتھ تمام ضلعی ہسپتالوں میں فری ایمرجنسی سروسز کے علاوہ دل اور بچوں کے لیے ہسپتال بنائے۔
خبر کا کوڈ : 883756
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش