0
Wednesday 2 Sep 2020 18:54

اتحاد بین المسلمین قومی ضرورت اور وقت کا اولین تقاضا ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

اتحاد بین المسلمین قومی ضرورت اور وقت کا اولین تقاضا ہے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ اتحاد بین المسلمین قومی ضرورت اور وقت کا اولین تقاضا ہے، عالمی استعماری قوتیں وطن عزیز میں خلفشار پیدا کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں، جنہیں ناکام بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں اتحاد کے فروغ اور فرقہ واریت کی ممانعت کا درس دیتا ہے، ہمیں اپنی زندگیاں اگر اسلام کے حقیقی اصولوں کے مطابق بسر کرنی ہیں تو پھر دین کی تعلیمات پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا، وحدت و اخوت کسی زبانی کلامی دعوے کا نام نہیں بلکہ ایک عمل کا نام ہے جو اپنے اندر رواداری، بردباری اور باہمی احترام کے جذبات سمیٹے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسلک سے تعلق رکھنے والا شخص اپنے انفرادی کردار کا خود ذمہ دار ہے، ضروری نہیں کہ اس کا قول و فعل اس کی مسلکی تعلیمات کی بھی ترجمانی کرتا ہو، امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کو ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا ہوگا، جس طرح عالمی استکبار نے عراق اور شام میں شیعہ سنی فسادات بھڑکانے کیلئے مذموم کردار ادا کیا بالکل اسی طرز عمل کو پاکستان میں آزمانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دشمن قوتوں کی تجربہ گاہ نہیں بننے دیا جائے گا، شیعہ سنی وحدت و اخوت اور پورے عزم کے ساتھ ان طاغوتی طاقتوں کے عزائم کو مٹی میں ملانے کیلئے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 883869
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش