QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر، تیز رفتار انٹرنیٹ سروس اور ریاستی درجے کو بحال کیا جائے، سنجے صراف

3 Sep 2020 09:47

سنجے صراف نے انٹرنیٹ کی مکمل بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا حکام بھی اسکولی فیس کے حوالے سے سے اپنی پالیسی واضح کریں۔


اسلام ٹائمز۔ سنجے صراف نے مقبوضہ کشمیر میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس اور ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبہ دہرایا۔ ایل جے پی کے قومی ترجمان سنجے صراف نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے از خود پارلیمنٹ میں اعلان کیا تھا کہ جموں کشمیر کو ریاستی درجہ واپس بحال کیا جائے گا تاہم ایک سال گزر جانے کے باوجود اس میں کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ایوان صحافت سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے صراف نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ اب وقت آچکا ہے کہ وہ جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے نتیجے میں لاک ڈاؤن کے نتیجے میں اسکول و تعلیمی اداروں کے بند ہونے کے بعد آن لائن تعلیم بھی انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی وجہ سے، متاثر ہو رہی ہے۔

سنجے صراف نے انٹرنیٹ کی مکمل بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا حکام بھی اسکولی فیس کے حوالے سے سے اپنی پالیسی واضح کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ تعلیمی ادارے گزشتہ 6 ماہ سے بند ہیں تو طلاب کے والدین کیونکر مکمل فیس کی ادا کریں گے۔ سنجے صراف نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ طلاب سے صرف ٹیوشن فیس کی وصولی ہونی چاہیئے، نیز دیگر اخراجات اور فیس کی ادائیگی کا کوئی بھی جواز نہیں بنتا ہے۔ انہوں نے حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ نجی تعلیمی اداروں کی معاونت کریں اور مشکل وقت میں ان اسکولوں میں تعینات اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی میں اسکول منتظمین کو مدد کریں۔


خبر کا کوڈ: 883953

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/883953/مقبوضہ-کشمیر-تیز-رفتار-انٹرنیٹ-سروس-اور-ریاستی-درجے-کو-بحال-کیا-جائے-سنجے-صراف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org