0
Thursday 3 Sep 2020 23:07

اپنے خلاف تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں، عاصم سلیم باجوہ

اپنے خلاف تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں، عاصم سلیم باجوہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے چار صفحوں پر مشتمل وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میرے اور اہلخانہ کیخلاف الزامات کی کوشش بےنقاب ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ عزت اور وقار کے ساتھ ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اثاثے ڈکلیئر کرنے کے وقت اہلیہ کی میرے بھائی کے کسی کاروبار میں سرمایہ کاری نہیں تھی جبکہ یکم جون 2020ء کو میری اہلیہ نے بیرون ملک تمام سرمایہ کاری ختم کر دی تھی۔

عاصم سلیم باجوہ نے مزید کہا کہ میری اہلیہ کا سرمایہ کاری ختم کرنے سے متعلق امریکا میں ریکارڈ موجود ہے۔ میری اہلیہ کی تقریباً 19 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ای سی پی میں کمپنی کے نام تبدیلی کا عمل مکمل کیا گیا جب کہ امریکا میں کاروباری مفاد ختم ہونے پر دفتری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبر چلانے کا مقصد میری ساکھ کو نقصان پہنچانےکی کوشش ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ میرے بھائیوں کی کمپنی کو سی پیک کے ٹھیکے دینے سے متعلق بےبنیاد الزام لگایا گیا، میرے بھائیوں کی کمپنی نے کبھی سی پیک کا کوئی ٹھیکہ نہیں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کی ایک کمپنی سی اون بلڈرز ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہے، مذکورہ کمپنی نے اپنے آغاز سے اب تک کوئی بزنس نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمالیہ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی میں میرے بیٹے کے 50 فیصد شیئرز ہیں جس نے گزشتہ تین سال میں 5 لاکھ روپے کا منافع کمایا۔ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ باجوکو گلوبل منیجمنٹ کی پاپا جونز پیز چین میں کوئی ملکیتی مفاد نہیں، خبر میں غلط الزام لگایا گیا کہ باجو کو 99 کمپنیوں کی مالک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 18سال کے عرصہ میں میرے بھائیوں نے تقریباً 70 ملین ڈالر کے اثاثے اور فرانچائزز خریدیں، 70 ملین ڈالر میں سے تقریباً 60 ملین ڈالر بینک کے قرضے اور دیگر مالیاتی سہولیات شامل ہیں۔ 18 سال میں میرے بھائیوں اور اہلیہ کی کیش سرمایہ کاری 73 ہزار امریکی ڈالر ہے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ میرے بھائیوں کی 54 ہزار امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا مکمل ریکارڈ موجود ہے، میرے 2 بھائی ڈاکٹر جب کہ ایک بھائی امریکی بینک میں نائب صدر رہا۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار سے قبل میرا ایک بھائی امریکی ریسٹورنٹ آپریٹنگ کمپنی میں کنٹرولر اور ایک پارٹنر رہا، کیا اتنے اہم عہدوں پر موجود لوگ 54 ہزار امریکی ڈالرز کی بچت نہیں کر سکتے؟۔
خبر کا کوڈ : 884132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش