0
Friday 4 Sep 2020 23:57

باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے جارہے ہیں، عبدالواسع

باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے جارہے ہیں، عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے فرانسیسی میگزین ”چارلی ایبڈو“ کی جانب سے ایک بار پھر توہین آمیز خاکے چھاپنے، سویڈن اور ناروے میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے سوچے سمجھے، منصوبہ بندی کے ساتھ جارحانہ اقدامات کا مقصد پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے، ایسی سرگرمیوں سے دنیا میں امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کو نقصان پہنچتا ہے۔ اسلام دشمن طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے لئے اور ان کی اپنے عقیدے یعنی اسلام پر گرفت کو جانچنے کے لئے کبھی حضور اکرم ﷺ کی زندگی پر فلمیں بنا کر اور کبھی گستاخانہ خاکے چھاپ کر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی قبیح سازشیں ماضی میں بھی کی جا تی رہی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کبھی سلمان رشدی اور تسلیمہ نسرین نبی پاک ﷺ کی شان اقدس کے خلاف کتابیں لکھ کر ناپاک جسارت کرتے ہیں، تو کبھی ڈنمارک، ناروے اور فرانس کے اخبارات گستاخانہ خاکے چھاپ کر مسلمانوں سے اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام 6 ستمبر کو خیبر بازار میں ہونے والے تحفظ ختم نبوت جلسہ عام میں پشاور سے ہزاروں افراد شرکت کرینگے۔ جماعت اسلامی روز اول سے ایسی ناپاک حرکتوں کے خلاف میدان میں ہے۔ جلسہ عام پشاور ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت اور ختم نبوت پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ ملک خداداد پاکستان پر ایک عرصہ سے دین بے زار طبقہ مسلط ہے جو مسلسل اسلامیان پاکستان کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ تعلیمی نصاب سے ناموس رسالت اور ختم نبوت مواد کو نکالنے کی مسلسل سازشیں کی جارہی ہیں۔ جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ حکومت تعلیمی نصاب کو سیکولر اور دین بے زار بنانے کی سازشوں میں برابر شریک ہے۔ انہوں نے پشاور کی عوام اپیل کی کہ 6 ستمبر کے ختم نبوت جلسہ عام میں بھرپور انداز میں شریک ہوں۔ کارکنان جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لئے گھر گھر اور گلی گلی جاکر پیغام پہنچائیں اور عوام کی شرکت کو یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 884330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش