0
Saturday 5 Sep 2020 19:37

لاہور، تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کی گرفتاری کیلئے پولیس کا چھاپہ

کارکنوں کی بڑی تعداد نے مسجد کے گرد حصار بنا لیا، لبیک یارسول اللہ کے نعرے
لاہور، تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کی گرفتاری کیلئے پولیس کا چھاپہ
اسلام ٹائمز۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی جانب سے علماء و ذاکرین کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج پولیس کی بھاری نفری لاہور میں تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کی گرفتاری کیلئے پہنچ گئی۔ پولیس کی بھاری نفری نے اس وقت ملتان روڈ پر چوک یتیم خانہ کے قریب واقع خادم حسین رضوی کی مسجد ’’مسجد رحمت اللعالمین‘‘ کو گھیرے میں لے رکھا ہے، جبکہ اس موقع پر تحریک لبیک کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی مسجد کے باہر پہنچ گئی ہے جنہوں نے مسجد کے دروازے پر حصار بنا کر لبیک لبیک یارسول اللہ کے نعرے لگانا شروع کر دیئے ہیں۔ پولیس نے مسجد کے چاروں اطراف کے راستے بند کر رکھے ہیں جبکہ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد مسجد رحمت العالمین میں پہنچنا شروع ہو گئی ہے جس سے کسی بڑے تصادم کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب تحریک لبیک کے ترجمان پیر اعجاز اشرفی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ مولانا خادم رضوی کی گرفتاری ابھی عمل میں نہیں آئی، کارکنوں کی بڑی تعداد مسجد کے باہر جمع ہے۔

ترجمان کے پولیس کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو بغیر کسی نوٹس کے ایسی صورتحال پیدا نہیں کرنی چاہیئے۔ پیر اعجاز اشرفی کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک ایک سیاسی جماعت ہے جسے دیوار کیساتھ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پیر اعجاز اشرفی نے کہا کہ حکومت معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرے۔ دوسری جانب انتہائی باوثوق ذرائع نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ تحریک لبیک ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کی منصوبہ بندی کرکے امن و امان کی فضا خراب کرنے کی کوشش کر رہی تھی جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ملک دشمن قوتیں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے درپے ہیں، اور پاکستان کے قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے پیشگی اقدامات سے بہت بڑے تصادم کو روکنے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق خادم رضوی کو بھی اسی سلسلے میں گرفتار کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 884492
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش