QR CodeQR Code

غاصب صیہونی رژیم کرونا کیسز کے حوالے سے دنیا میں سب سے آگے ہے، صیہونی میڈیا

5 Sep 2020 23:59

غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے سرکاری ٹیلیویژن چینلز 12 و 13 نے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اعداد و شمار کیمطابق اسرائیل کے اندر 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس میں مبتلا ہونیوالے افراد کی شرح ہر 10 لاکھ نفر میں سے 199.3 ہے جبکہ دنیا میں کرونا وائرس انفیکشنز کے سرفہرست ممالک برازیل، سپین، امریکہ اور فرانس میں یہی شرح بالترتیب 188، 178، 129 اور 80 ہے۔


اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کے سرکاری ٹیلیویژن چینلز 12 و 13 نے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق (غاصب صیہونی رژیم) اسرائیل کرونا کیسز کے تناسب میں دنیا بھر کے اندر سرفہرست ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز سے نقل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کے اندر ہر 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی شرح ہر 10 لاکھ نفر میں سے 199.3 ہے جبکہ دنیا میں کرونا وائرس انفیکشنز کے سرفہرست ممالک برازیل، سپین، امریکہ اور فرانس میں یہی شرح بالترتیب 188، 178، 129 اور 80 ہے۔

واضح رہے کہ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کے ریڈ زون میں موجود 30 شہروں کے اندر احتیاطی تدابیر پر مبنی سخت اقدامات نافذ کر دیئے گئے ہیں جبکہ صیہونی کیبنٹ میں زیرغور مزید سخت اقدامات میں کرفیو، ذرائع آمد و رفت پر مکمل پابندی اور غیر ضروری تجارتی و خدماتی مراکز سمیت کنڈرگارٹن و خصوصی تربیتی اداروں کے علاوہ تمام تعلیمی مراکز کی بندش بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) پر قابض صیہونیوں میں سے 1 لاکھ 25 ہزار 260 نفر تاحال کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے 985 ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ دوسری طرف اسرائیل میں تیزی کے ساتھ پھیلتے کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کی مکمل ناکامی صیہونی دارالحکومت میں اس حکومت کے خلاف ہونے والے وسیع احتجاجی مظاہروں کا باعث بھی بنی ہے۔


خبر کا کوڈ: 884546

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/884546/غاصب-صیہونی-رژیم-کرونا-کیسز-کے-حوالے-سے-دنیا-میں-سب-آگے-ہے-میڈیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org