0
Sunday 6 Sep 2020 12:11
وزیراعلیٰ پنجاب سے حافظ طاہر اشرفی کی ملاقات، امن وامان کی صورتحال پر گفتگو

سوشل میڈیا پر کسی کو فرقہ واریت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عثمان بزدار

سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والے پیجز انڈیا سے آپریٹ ہو رہےہیں، طاہر اشرفی
سوشل میڈیا پر کسی کو فرقہ واریت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی نے ایوان وزیراعلیٰ میں آج صبح ملاقات کی۔ ملاقات میں حافظ طاہر اشرفی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پی ٹی آئی حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حافظ طاہر اشرفی کو حکومت پنجاب کے فرقہ واریت کے خلاف اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب صوبے میں ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماء کے کردار کی معترف ہے، علمائے کرام نے محرم الحرام کے موقع پر فرقہ واریت کے سدباب کیلئے بھرپور تعاون کیا۔
 
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی کیخلاف نظریاتی جنگ میں علماء کا کردار لائق تحسین ہے، سوشل میڈیا پر کسی کو فرقہ واریت اور نفرت انگیز مواد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ علماء و مشائخ سے ملاقات اور مشاورت کو اعزاز سمجھتا ہوں جبکہ علماء سے روابط مضبوط بنانے کیلئے پنجاب میں محکمہ اوقاف کو بہتر اور فعال بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مدارس کے طلباء اور اساتذہ کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
 
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء متحدہ علماء بورڈ کو اہمیت دیتے ہیں اور متحدہ علماء بورڈ صوبے میں قیام امن اور رواداری کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ طاہر اشرفی  کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء شرپسند عناصر کیخلاف متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی اہلبیت عظام اور صحابہ کرام کی توہین کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایسے شرپسندوں کیخلاف حکومت سخت اقدامات کرے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ سوشل میڈیا کو فرقہ واریت پھیلانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے اور یہ متنازع پیجز انڈیا سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے متنازع پیجز کیخلاف کارروائی کرے۔
خبر کا کوڈ : 884605
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش