0
Sunday 6 Sep 2020 16:45

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے 11 کھرب 13 ارب روپے کہاں خرچ ہوں گے؟

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے 11 کھرب 13 ارب روپے کہاں خرچ ہوں گے؟
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لئے 11 سو 13 ارب (11 کھرب 13 ارب) روپے کے پیکج کا اعلان تو کردیا تاہم کتنی رقم کہاں خرچ ہوگی یہ تفصیلات بھی اب سامنے آگئی ہیں۔ یاد رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز (5 ستمبر) کراچی کا دورہ کیا، جس کا مقصد بارش کے بعد آفت زدہ قرار دیئے گئے ملک کے اس سب سے بڑے شہر کے مسائل کے حل کے لئے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرنا تھا۔ وزیراعظم کے اس دورے کے شیڈول میں 2 مرتبہ تبدیلی ہوئی تاہم ہفتے کو جب وزیراعظم عمران خان کراچی پہنچے تو وزیراعلیٰ سندھ، جن کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے، وہ انہیں ایئرپورٹ لینے پہنچے اور ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے گورنر ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی تھی، جس میں گورنر، وزیراعلیٰ سمیت عسکری حکام نے بھی شرکت کی تھی۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم نے پریس بریفنگ میں کراچی کے لئے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم کی جانب سے اسے تاریخی پیکج کہا گیا تھا جس کا عنوان کراچی ٹرانسفارمیشن پلان رکھا گیا ہے۔ اس پیکج کی سامنے آنے والی تفصیلات میں اس کی مجموعی رقم 11 سو 13 ارب روپے رکھی گئی ہے، جسے 5 اہم شعبوں میں خرچ کرنے کے لئے تقسیم کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں اس پیکج کی تفصیلات کے بارے میں بتایا گیا کہ 92 ارب روپے پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 267 ارب روپے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، برساتی پانی کی نکاسی اور دوبارہ آبادکاری کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔ 11 کھرب 13 ارب کے پیکج میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلان کے لئے 141 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ سڑکوں کے منصوبوں کے لئے 41 ارب روپے جبکہ ماس ٹرانزٹ، ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ منصوبے کے لئے 572 ارب روپے رکھے ہیں۔ کراچی کے لئے پیکج کے اعلان کے موقع پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ منصوبوں کے حوالے سے ایک سال کے عرصے میں پہلا مرحلہ جبکہ 3 سال میں دیگر تمام مراحل مکمل کرلئے جائیں۔ وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ اب جو بھی فیصلے کئے جائیں گے اس کی نگرانی پرووِنشل کوآرڈینیشن اینڈ امپلمینٹیشن کمیٹی (پی سی آئی سی) کرے گی۔ علاوہ ازیں سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس 11 کھرب 13 ارب روپے کے پیکج کا خیرمقدم کیا تھا لیکن ساتھ ہی دعویٰ کیا تھا کہ صوبائی حکومت اس میں 800 ارب روپے دے گی جبکہ وفاقی کا شیئر 300 ارب روپے کا ہے۔
خبر کا کوڈ : 884647
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش