0
Monday 7 Sep 2020 00:06
جماعت اسلامی کا ۱۲ ربیع الاول کو نظام مصطفیٰ (ص) تحریک شروع کرنیکا اعلان

عالم اسلام کی قیادت دشمن کی مٹھی میں اور وسائل پر بھی اسکا قبضہ ہے، سراج الحق

عالم اسلام کی قیادت دشمن کی مٹھی میں اور وسائل پر بھی اسکا قبضہ ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ۱۲ ربیع الاول حضور (ص) کی ولادت کے مبارک دن سے نظام مصطفیٰ (ص) اور سود کے خاتمے کے لیے تحریک کا آغاز کریں گے، حکمرانوں اور افواج پاکستان سے کہتا ہوں کہ شریعت اور نظام مصطفیٰ (ص) کے نفاذ کے بغیر پاکستان کو محفوظ نہیں بنایا جا سکتا، ہمارے حکمران غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹ کر اپنے کارخانے اور بنگلے بنا رہے ہیں، ہمارے پیغمبر (ص) نے تو دشمنوں کی امانتوں کی بھی حفاظت کی، عوام کے ساتھ فراڈ کرنے کو حکمران اپنی قابلیت سمجھتے ہیں، حکمران اپنے وعدوں سے مکر کر کہتے ہیں کہ رات گئی بات گئی۔ آئی ایم ایف کے آگے سجدہ ریز حکمران سر اٹھانے کا نام نہیں لیتے حالانکہ آئی ایم ایف کے آگے ہاتھ پھیلانے سے خودکشی کرنا بہتر قرار دیتے تھے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے ایف اے ٹی ایف کے قوانین میں حکومت کا ساتھ دے کر ثابت کیا کہ امریکی جھنڈے تلے یہ سب ایک ہیں، ان کی محبتوں کا قبلہ آج بھی واشنگٹن اور لندن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر بازار پشاور میں جلسہ تحفظ ختم نبوت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان اور پشاور کے امیر عتیق الرحمان، مفتی امتیاز مروت نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے ہوئے قادیانی پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور حکمران امریکہ و سامراجی اور استعماری قوتوں کی خوشنودی اور ڈالرز کے لیے پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ 72 سال بعد بھی پاکستان کے بائیس کروڑ عوام تحفظ ختم نبوت اور ناموس رسالت (ص) کی حفاظت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ کلمہ کے نام پر بننے والے ملک میں اگر ناموس رسالت (ص) اور صحابہ کرام ؓ کی عزت محفوظ نہیں تو یہ کیسا اسلامی ملک ہے۔ حکمرانوں نے تو پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی قیادت بھی دشمن کی مٹھی میں ہے اور وسائل پر بھی اس کا قبضہ ہے۔

حکمران بائیس کروڑ عوام کے لیے نہیں آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے لیے قانون سازی کرتے ہیں۔ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمان اور مائیں، بہنیں، بیٹیاں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکہ کی 86 سالہ قید میں ہے لیکن یہ ٹرمپ سے ہاتھ ملاتے ہیں مگر قوم کی بیٹی کے لیے آواز نہیں اٹھاتے۔ اقتدار پر وطن فروش، ضمیر فروش، بھائیوں اور بہنوں کے سودے کرنے والے غیرت و حمیت سے عاری حکمران مسلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 295-C کو ختم کرنے کے لیے کہتے ہیں کہ اس کا غلط استعمال ہوتا ہے۔ حکمران بتائیں کہ وہ کس قانون کا درست استعمال کر رہے ہیں۔ یہ دشمن کے اشارے پر 295-C کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت اپنا قبلہ درست کرے اور حضور (ص) کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو موت کی سزا دے۔
خبر کا کوڈ : 884694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش