0
Monday 7 Sep 2020 12:54

عوام مشکلات کا شکار ہے اور حکومت حزب اختلاف کو شکار کرنے میں مصروف ہے، شاہد خاقان عباسی

عوام مشکلات کا شکار ہے اور حکومت حزب اختلاف کو شکار کرنے میں مصروف ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام مشکلات کا شکار ہے اور حکومت حزب اختلاف کو شکار کرنے میں مصروف ہے لیکن اب عوام موجودہ حکومت کو گھر بھیجنا چاہتی ہے۔ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ضمنی ریفرنس سے متعلق کیس میں پیش ہوئے۔ عدالت نے تمام ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 22 ستمبر کو طلب کر لیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ مجھے کسی بھارتی کمپنی نے پیسے بھیجے، اتنا بڑا جھوٹ بولنے سے پہلے نیب کو شرم آنی چاہیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیب سے ڈرتے اور گھبراتے نہیں ہیں، سپریم کورٹ کا جج نیب کا چیئرمین ہے کیا وہ قانون کو اور حقائق کو نہیں جانتا۔ یہ نیب کی حقیقت ہے اور ہم اسی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال عوام کی خدمت کی لیکن عمران خان اور نیب مسلم لیگ (ن) کے خلاف کوئی ایک کرپشن کا کیس سامنے لے آئے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن تو موجودہ حکومت کر رہی ہے جہاں آج 53 روپے کی چینی 110 روپے کی مل رہی ہے۔ ڈھائی سو ارب روپے پاکستان کی عوام کی جیب سے جا چکا ہے کمیشن بنا تو چینی 65 روپے کی تھی لیکن آج 110 روپے کی ہے اور نیب چیئرمین ٹس سے مس نہیں ہوئے۔ 35 روپے کا آٹا 75 روپے کا مل رہا ہے لیکن کسی کو فکر نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نیب کی تفتیش بھی ہونی چاہے اور عدالت میں کیمرے لگا کر پاکستان کی عوام کو بھی دکھایا جائے کہ کون سی کرپشن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت موجود ہے جس کے وزیر اور مشیر کوئی جواب دینے کے قابل نہیں ہیں۔ ہر دو نمبر شخص آج وزیر اور مشیر بنا ہوا ہے لیکن عوام اس حکومت کی حقیقت کو سمجھ چکی ہے اور اب ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اس کرپٹ حکومت کو گھر بھیجیں۔
خبر کا کوڈ : 884786
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش