0
Monday 7 Sep 2020 13:53

بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ سے ٹیکس وصولی کی منتقلی سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کرنیکا حکم دیدیا

بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ سے ٹیکس وصولی کی منتقلی سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کرنیکا حکم دیدیا
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان ہائیکورٹ (بی ایچ سی) نے کوئٹہ سے کراچی منتقل ہونے والے اہم ٹیکس ادا کرنے والے صنعتکاروں اور کاروباری اداروں کو منتقل کرنے سے متعلق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نوٹیفکیشن کو معطل کردیا۔ رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عبد الحمید بلوچ پر مشتمل بلوچستان ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے کوئٹہ کے چند صنعتکاروں کی جانب سے دائر درخواست پر ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا۔ بینچ نے درخواست کی سماعت کے بعد اگلی سماعت تک نوٹیفکیشن کو معطل کیا۔ 5 اگست کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ایف بی آر نے کوئٹہ سے کراچی میں 38 اہم صنعتکاروں اور کاروباری اداروں کی ٹیکس ادائیگیوں کو منتقل کیا تھا۔ اس سے قبل وہ کوئٹہ میں ایف بی آر کے دفتر میں اپنا ٹیکس جمع کروا رہے تھے۔ ہجویری اسٹیل انڈسٹریز نے اپنے وکیل محمد عامر رانا کے ذریعے ہائیکورٹ میں نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔

عامر رانا نے عدالت میں موقف اپنایا کہ بڑے ٹیکس دہندگان سے ٹیکس کی وصولی صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر کراچی منتقل کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے عدالت کے دائرہ اختیار کی بھی خلاف ورزی ہوئی ہے اور وہ اب صرف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرسکیں گے۔ عدالت نے حکم دیا کہ اس ضمن میں بلوچستان کے لیے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹسز جاری کیے جائیں۔ بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (بی سی سی آئی) کے عہدیداروں نے کوئٹہ ریجن کے چیف کمشنر سے بھی مطالبہ کیا تھا کہ وہ چند روز قبل کیے گئے اس فیصلے پر نظرثانی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی کاروباری برادری کے لیے کراچی میں اپنے ٹیکس جمع کروانا مشکل ہے۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ کراچی اور ملک کے دیگر حصوں کے تاجروں نے اپنی صنعتیں بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں قائم کی ہیں تاہم وہ کراچی میں ٹیکس جمع کراتے رہے ہیں۔ عامر رانا کا کہنا تھا کہ ایسے صنعتکار اور فیکٹری مالکان بلوچستان میں اپنے دفاتر کھولیں۔
 
خبر کا کوڈ : 884801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش