QR CodeQR Code

عقیدہ ختم نبوت پر غیر متزلزل یقین کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہو سکتا، اعجاز ہاشمی

7 Sep 2020 18:41

لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ عقیدہ ختم نبوت کی پہرہ داری ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، برصغیر میں جھوٹی نبوت کے فتنے کا موجد مرزا غلام احمد قادیانی تھا، جس کیخلاف تمام مکاتب فکر نے جدوجہد کی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے واضح کیا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت پر غیر متزلزل یقین کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہو سکتا، صحابہ کرام خاتم الانبیا کے آخری نبی ہونے کے عقیدہ کے محافظین رہے، جن میں خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہہ سر فہرست ہیں، جنہوں نے مسیلمہ کذاب سمیت پانچ منکرین ختم نبوت کیخلاف جنگ کرکے ثابت کر دیا کہ اسلام کے بنیادی عقائد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، ختم نبوت عقیدہ ہے، جو تبدیل نہیں ہو سکتا، قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا ہے، وہ اسلامی شعار استعمال نہیں کر سکتے۔ لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کی پہرہ داری ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، برصغیر میں جھوٹی نبوت کے فتنے کا موجد مرزا غلام احمد قادیانی تھا، جس کیخلاف تمام مکاتب فکر نے جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے علامہ شاہ احمد نورانی اور مولانا عبدالستار خان نیازی کی جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، مسلمانوں نے قادیانیت کا دنیا بھر میں سماجی بائیکاٹ کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے یہ فتنہ اب گالی بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت سے مراد یہ ہے کہ حضور نبی اکرم معلم و مقصود کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور آخری رسول ہیں۔ اللہ تبارک و تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس جہاں میں بھیج کر بعثت انبیاء کا سلسلہ ختم کر دیا۔ اب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد کوئی نبی مبعوث نہیں ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 884853

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/884853/عقیدہ-ختم-نبوت-پر-غیر-متزلزل-یقین-کے-بغیر-ایمان-مکمل-نہیں-ہو-سکتا-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org