0
Monday 7 Sep 2020 23:05

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغانستان کیلئے نامزد سفیر منصور احمد خان کی ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغانستان کیلئے نامزد سفیر منصور احمد خان کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن پورے خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے ناگزیر ہے۔ یہ بات انہوں نے افغانستان کیلئے نامزد پاکستانی سفیر منصور احمد خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران پاک افغان تعلقات، افغان امن عمل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے بطور سفیر افغانستان نامزدگی پر منصور احمد خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کو یہ نئی ذمہ داریاں، آپ کے شاندار سروس ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے سونپی گئی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن پورے خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے ناگزیر ہے۔ انہوں نے نامزد سفیر سے کہا کہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ منصور علی خان جیسے وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار کی بطور سفیر تعیناتی سے پاک افغان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔وزیرخارجہ نے نئے نامزد سفیر کو پیشہ ورانہ امور اور فارن پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔ نامزد سفیر برائے افغانستان منصور احمد خان نے وزیرخارجہ کی طرف سے دی جانے والی خصوصی ہدایات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ منصور احمد خان اس سے قبل ویانا میں بطور سفیر اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 884884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش