QR CodeQR Code

وزیراعلٰی پنجاب کیساتھ کشیدگی شعیب دستگیر کو لے ڈوبی، آئی جی پنجاب تبدیل

8 Sep 2020 17:45

سی سی پی او لاہور عمر شیخ اور سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے درمیان تنازع کے پیش نظر وفاقی حکومت نے آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم اب پنجاب حکومت کی جانب سے انعام غنی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کرنے کی منظور ی دیدی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کے درمیان کچھ دیر پہلے مشاورت بھی جاری رہی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی کیساتھ پھڈا آئی جی پنجاب کو مہنگا پڑ گیا۔ وزیراعلٰی پنجاب کی تجویز پر انعام غنی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ اور سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے درمیان تنازع کے پیش نظر وفاقی حکومت نے آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم اب پنجاب حکومت کی جانب سے انعام غنی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کے درمیان کچھ دیر پہلے مشاورت بھی جاری رہی۔ نئے تعینات ہونیوالے آئی جی پنجاب انعام غنی ایڈیشنل آئی جی پنجاب خدمات انجام دیتے رہے ہیں جبکہ اس وقت وہ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعینات تھے اور وہاں کے معاملات دیکھ رہے تھے۔ انعام غنی فرنٹ فٹ پر رہ کر کام کرنے کی شہرت رکھتے ہیں، وہ 21 ویں گریڈ کے افسر ہیں جبکہ اس کے علاوہ وہ پنجاب پولیس کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی پنجاب کے آئی جی تبدیلی سے متعلق بات چیت ہوئی اور وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو بھی تبدیلی کیلئے اعتماد میں لیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو مبینہ طور پر مشاورت کے بغیر تعینات کرنے کے معاملے پر ڈٹ گئے تھے اور انہوں نے کام بھی روک دیا تھا۔ شعیب دستگیر نے وزیراعظم اور وزیراعلٰی کو بھی اس صورتحال پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا تاہم ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے صاف جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے معاملات میں وزیراعلٰی خود مختار ہیں۔ جس کے بعد آئی جی شعیب دستگیر نے وزیراعلٰی سے بھی ملاقات کی تھی مگر وزیراعلٰی کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ شعیب دستگیر کو شکوہ تھا کہ سی سی پی او لاہور کی تعیناتی ان کی مشاورت سے نہیں کی گئی اور وزیراعلٰی پولیس کے معاملات میں مداخلت کرتے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 884938

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/884938/وزیراعل-ی-پنجاب-کیساتھ-کشیدگی-شعیب-دستگیر-کو-لے-ڈوبی-ا-ئی-جی-تبدیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org