QR CodeQR Code

شیعہ سنی وحدت میں ہی اسلام کی بقاء کا راز مضمر ہے، علامہ جواد نقوی

8 Sep 2020 19:15

ٹی بی یو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے واضح کہہ دیا تھا کہ ایم آئی سکس کے لوگ شرپسندی پھیلائیں گے، انکا شعیت کیساتھ کوئی تعلق نہیں، اس سے یہ فائدہ ہوا کہ شرپسند بے نقاب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ سازش ابھی تھمی نہیں بلکہ سازشی عناصر اور اسلام و پاکستان دشمن قوتیں اس سازش کا پلان بی لائیں گی، جو زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے، اس لئے علماء آنکھیں کھلیں رکھیں اور ملک عزیز کو فرقہ واریت کی آگ سے بچائیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ شیعہ سنی وحدت میں ہی اسلام کی بقاء کا راز مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں ملاقات کیلئے آنیوالے اہلسنت رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اہلسنت رہنماؤں کے وفد نے علامہ سید جواد نقوی سے شیعہ سنی وحدت کی بھرپور حمایت اور تفرقے کی بیخ کنی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور تفرقہ بازوں کیخلاف علامہ سید جواد نقوی کے دوٹوک اور واضح ترین موقف کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا۔ وفد میں چیئرمین قومی امن کمیٹی لاہور سید محمود غزنوی، ڈاکٹر طارق شریف زادہ، سابق ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر فیاض رانجھا، ڈائریکٹر گوشہ درود منہاج القرآن لطیف مدنی، خواجہ جواد سلیم، بادشاہی مسجد کے نائب خطیب مفتی سیف اللہ خالد سمیت دیگر شامل تھے۔

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ اسلام کیخلاف سازشیں کرنے والے عناصر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی منصوبہ بندی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل ہی انہوں نے اس سازش سے پردہ اٹھا دیا تھا اور تمام مکاتب فکر کے علماء کو اس سازش کے تدارک کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ میں علمائے کرام کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے اس سازش کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کیا اور عشرہ محرم امن و امان سے گزر گیا۔ انہوں نے وفد سے کہا کہ شرپسند دونوں مکاتب فکر کی صفوں میں ہیں، ان شرپسندوں کی باتوں میں آکر کسی مکتب کو ہدف تنقید نہ بنائیں بلکہ ان شرپسندوں کی سرکوبی کریں۔

علامہ جواد نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے واضح کہہ دیا تھا کہ ایم آئی سکس کے لوگ شرپسندی پھیلائیں گے، ان کا شعیت کیساتھ کوئی تعلق نہیں، اس سے یہ فائدہ ہوا کہ شرپسند بے نقاب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ سازش ابھی تھمی نہیں بلکہ سازشی عناصر اور اسلام و پاکستان دشمن قوتیں اس سازش کا پلان بی لائیں گی، جو زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے، اس لئے علماء آنکھیں کھلیں رکھیں اور ملک عزیز کو فرقہ واریت کی آگ سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مجتہدین نے اہلسنت کے مقدسات کی توہین کرنے سے منع کیا ہے جبکہ اہلسنت بھی اپنی صفوں میں موجود ایسے شرپسندوں کو نکال باہر کریں، جو یزید کو رحمت اللہ اور عمر بن سعد کی حمایت میں بول رہے ہیں اور امام زمانہ اور امیر المومنین کی توہین کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 885055

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/885055/شیعہ-سنی-وحدت-میں-ہی-اسلام-کی-بقاء-کا-راز-مضمر-ہے-علامہ-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org