0
Tuesday 8 Sep 2020 23:14

مہمند سانحہ کے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

مہمند سانحہ کے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مہمند واقعے کے متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا جبکہ سانحہ میں جاں بحق افراد کی تعداد مزید بڑھ کر 22 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے کان کے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کو ایک لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات دی جارہی ہیں۔ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند کی تحصیل صافی ماربل کی کان بیٹھنے کے المناک حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن کے ذریعے مزدوروں کو نکالنے کا کام جاری ہے، ریسکیو ورکرز نے آپریشن کے دوران کان کے ملبے سے مزید چار لاشیں نکال لیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد بائیس ہوگئی ہے۔

ڈی پی او مہمند کے مطابق گیارہ افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ حادثے میں زخمی نو افراد کو باجوڑ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے جوان، الخدمت فاؤنڈیشن اور مقامی افراد حصہ لے رہے ہیں تاہم چٹانیں سرکنے کے باعث آپریشن میں دقت کا سامنا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ڈی جی پی ڈی ایم اے ریسکیو امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے مہمند پہنچ گئے ہیں جبکہ پشاور سے پانچ ایمبولینس اور ریکوری وہیکل بھی جائے حادثہ پہنچادی گئی ہیں، بھاری مشینری آنے اور فوجی جوانوں کی شمولیت سے امدادی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ملبے سے نکلنے والی بیشتر لاشیں ناقابل شناخت تھیں، ذرائع کے مطابق پہاڑ اب بھی سرک رہا ہے، چھوٹے پہاڑی تودے بھی گر رہے ہیں جس سے لوگوں میں خوف و ہراس ہے۔
خبر کا کوڈ : 885093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش