QR CodeQR Code

نواز شریف کیجانب سے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عملدرآمد روکنے کیلئے درخواست دائر

9 Sep 2020 14:20

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کی عدم موجودگی میں انکے نمائندہ وکیل کو پیش ہونے کی اجازت دی جائے، نواز شریف کی میڈیکل کنڈیشن ایسی نہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہوسکیں، لہذا سرنڈر کرنے کے حکم پر عدالت نظرثانی کرے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ہائی کورٹ کے سامنے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کے لیے درخواست دائر کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کل عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کے لیے درخواست دائر کر دی ہے، خواجہ حارث کی جانب سے دائر درخواست میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ بھی منسلک کی گئی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کی عدم موجودگی میں ان کے نمائندہ وکیل کو پیش ہونے کی اجازت دی جائے، نواز شریف کی میڈیکل کنڈیشن ایسی نہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہوسکیں، لہذا سرنڈر کرنے کے حکم پر عدالت نظرثانی کرے۔ عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی 4 ستمبر کی میڈیکل رپورٹ منسلک کی گئی ہے، جس کے مطابق نواز شریف ہائیپر ٹینشن اور امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، میڈیکل رپورٹ میں نواز شریف کو دی جانے والی ادویات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل رپورٹ نواز شریف کے معالج ڈاکٹر ڈیوڈ آر لارنس نے جاری کی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کے 2 رکنی بینچ نے ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز پر احتساب عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو سرنڈر کرنے کے لیے 9 روز کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت غیر موثر اور ختم ہوچکی جبکہ وہ عدالت کے سامنے بھی پیش نہیں ہوئے، لہذا نواز شریف 10 ستمبر تک عدالت کے سامنے سرنڈر کریں، ورنہ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 885212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/885212/نواز-شریف-کیجانب-سے-سرنڈر-کرنے-کے-احکامات-پر-عملدرآمد-روکنے-کیلئے-درخواست-دائر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org