0
Thursday 10 Sep 2020 11:49
جامعہ اشرفیہ لاہور میں عظمت صحابہ و اہلبیتؑ سیمینار

دیوبندی جماعتوں کا تحفظِ بنیادِ اسلام بل فوری نافذ کرنے کا مطالبہ

دیوبندی جماعتوں کا تحفظِ بنیادِ اسلام بل فوری نافذ کرنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ جامعہ اشرفیہ لاہور میں مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی کی زیر صدارت عظمت صحابہؓ و اہلبیتؑ سیمینار منعقد ہوا، جس سے ملک کی مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کے قائدین مولانا عبدالرؤف فاروقی، حافظ اسعد عبید، مولانا محمد امجد خان، حافظ طاہر محمود اشرفی، صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، مولانا معاویہ اعظم طارق، مولانا زبیر احمد ظہیر، مولانا خلیل احمد تھانوی، مولانا عبدالرؤف ملک، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا سید فہیم الحسن تھانوی، مولانا جمیل الرحمن اختر اور دیگر علماء نے ملک میں صحابہ کرامؓ اور اہل بیتؑ کی شان میں گستاخیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرامؓ و اہلبیت عظامؑ کی شان میں گستاخی ناقابلِ برداشت اور ملک کے امن و امان کو تباہ کرنے کی مذموم سازش ہے، جس کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور وطن عزیز کے امن کیخلاف ہونیوالی سازشوں کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا۔ سیمنار میں مقررین نے کل 11 ستمبر جمعۃالمبارک کو عظمت صحابہ ؓ و اہلبیتؑ کے طور پر منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ علماء اور خطباء جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں صحابہ کرامؓ و اہل بیت عظامؑ کی عظمت و شان کو بیان کرتے ہوئے ان کیخلاف زبان درازی کیخلاف قرارداد مذمت منظور کروائیں اور ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا کا مطالبہ کریں۔

سیمینار میں یہ طے کیا گیا کہ مختلف مقامات پر عظمت صحابہؓ و اہلبیتؑ کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور تمام دینی و مذہبی جماعتوں کا صوبائی اور مرکزی سطح پر قائدین کا جلد اجلاس بلایا جائے گا۔ سیمینار میں برطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے قادیانیوں کی حمایت پر مبنی رپورٹ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قادیانیوں کو 1974ء میں متفقہ طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دینے کے فیصلہ کیخلاف گھناؤنی سازش اور تحفظ ناموس رسالتؐ قانون کو ختم کرانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم کے نظریاتی اور ایمانی فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی ہر سازش کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا۔ سیمینار کے مقررین نے جمعیت علماء اسلام کی پشاور میں  منعقد ہونیوالی ختم نبوت کانفرنس کی بے مثال کامیابی پر مولانا فضل الرحمن اور جمعیت علماء اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں خوشگوار اثرات مرتب ہونگے اور دینی و مذہبی قوتوں کو تقویت ملے گی۔

سیمینار میں مقررین نے تحفظ بنیاد اسلام بل کو پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کرنے پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر قانون راجہ بشارت سمیت تمام ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کو جلد از جلد قانونی شکل دے کر نافذ العمل کیا جائے، تاکہ ملک میں فرقہ واریت اور مذہبی شدت پسندی کا راستہ رک سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فرقہ واریت کو ہوا دینے، صحابہ کرامؓ و اہلبیت عظامؑ اور دیگر مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کرنیوالے تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ سیمینار میں مولانا قاری ارشد عبید، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، مولانا مفتی محمد حسن، مولانا مفتی انیس احمد مظاہری، مولانا حافظ حسین احمد، مولانا اسداللہ فاروق نقشبندی، علامہ یونس حسن، مفتی خرم یوسف، مولانا عثمان آفاق اور مفتی عزیز الرحمن سمیت دیگر علماء نے شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر شیخ الحدیث حضرت مولانا محب النبی نے خصوصی دعا کرائی۔
خبر کا کوڈ : 885398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش