0
Thursday 10 Sep 2020 17:50

عمران خان کا موٹر وے اجتماعی زیادتی اور مروہ قتل واقعات کا نوٹس

عمران خان کا موٹر وے اجتماعی زیادتی اور مروہ قتل واقعات کا نوٹس
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ننھی مروہ سے زیادتی و قتل جبکہ لاہور موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے افسوس ناک واقعات کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ملاقات کی, جس میں سیاسی اور ملکی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ فیصل واوڈا نے کراچی میں ننھی مروا سے جنسی زیادتی و قتل جبکہ گذشتہ رات موٹروے پر خاتون کے ساتھ پیش آیا معاملہ اٹھایا۔ وزیراعظم عمران خان نے دونوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات انتہائی شرمناک ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا ہے۔ فیصل واوڈا نے وزیراعظم سے زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کا قانون لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کرنے والے افراد کو پھانسی دے کر عبرت کا نشان بنائیں۔

وزیراعظم نے مجرمان کو سخت سزائیں دلوانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔ لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے پر انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے۔ رستے میں گوجرانوالہ کی رہائشی خاتون کی کار کا پٹرول ختم ہوگیا اور وہ مدد کے لیے کھڑی ہوئیں تو دو مشکوک افراد خاتون کی جانب آئے اور گن پوائنٹ پر ان سے زیادتی کی۔ ڈاکوؤں نے خاتون سے ایک لاکھ روپے نقدی، دو تولے طلائی زیورات، ایک عدد برسلیٹ، گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ اور 3 اے ٹی ایم کارڈز بھی چھینے اور فرار ہوگئے۔ ادھر کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں 5 سالہ بچی مروہ کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ ان دونوں واقعات نے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور شہریوں کی طرف سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 885457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش