QR CodeQR Code

جہاں پیسوں کی بات آتی ہے لشکر زرداری کی رال ٹپک جاتی ہے

وفاق براہ راست سندھ کے عوام پر پیسہ خرچ کرے گا، خرم شیر زمان

10 Sep 2020 21:08

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم زرداری گروپ کے لئے سندھ لوٹنے کی ترمیم ہے، بلاول جتنا شور مچائیں ان کی حکومت کو وفاق براہ راست پیسے نہیں دے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ بلاول پارٹی چیئرمین کی بجائے کسی این جی او سربراہ لگ رہے ہیں، جہاں پیسوں کی بات آتی ہے لشکر زرداری کی رال ٹپک جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نے سندھ کی عوام کے کروڑوں روپے دورے پر ضائع کئے۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری پارٹی چیئرمین کی بجائے کسی این جی او سربراہ لگ رہے ہیں، 18ویں ترمیم کا بھاشن دینے والے ٹینٹ اور راشن دینے کی حیثیت نہیں رکھتے، سندھ کی عوام کے کروڑوں روپے ضائع کرنے والے بلاول صرف یہ بتانے کے لئے دورے کررہے ہیں کہ وفاقی حکومت نے پیسے نہیں دیئے، بلاول کو واضح کردیں کہ یہ پیسہ ان کا نہیں سندھ کے عوام کا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جہاں پیسوں کی بات آتی ہے تو لشکر زرداری کی رال ٹپک جاتی ہے، اگر ایک ڈویژن کے لوگوں کی بھی صحیح طرح سے مدد نہیں کرسکتے تو خدارا سندھ کی جان چھوڑ دیں۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ ٹینٹ اور راشن کے نام پر سندھ کے غیور عوام کی تذلیل کی جارہی ہے، بلاول زرداری سندھ کے لوگوں میں نفرتوں کا بیج بو رہے ہیں، سندھ حکومت نے سندھ میں ہیلتھ کارڈ دینے کی مخالفت کی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم زرداری گروپ کے لئے سندھ لوٹنے کی ترمیم ہے، بلاول جتنا شور مچائیں ان کی حکومت کو وفاق براہ راست پیسے نہیں دے گا، وفاق براہ راست سندھ کے عوام پر پیسہ خرچ کرے گا۔


خبر کا کوڈ: 885481

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/885481/وفاق-براہ-راست-سندھ-کے-عوام-پر-پیسہ-خرچ-کرے-گا-خرم-شیر-زمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org