QR CodeQR Code

عراق، صوبہ صلاح الدین سے داعشی سرغنہ گرفتار

11 Sep 2020 08:08

عرب ای مجلے شفق نیوز کیمطابق عراقی انسداد دہشتگردی فورس کے ترجمان یحیی رسول نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ صوبہ صلاح الدین سے ایک انتہائی مطلوب داعشی کمانڈر گرفتار کر لیا گیا ہے جو مبینہ "ولایتِ دجلہ" کیطرف سے "دھماکہ خیز پیکٹس" رکھے جانے کا انچارج تھا۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی انسداد دہشتگردی فورس نے ملک کے مرکزی صوبے صلاح الدین کے اندر کارروائی کرتے ہوئے داعش کا ایک سرغنہ گرفتار کر لیا ہے۔ انسداد دہشتگردی فورس کے ترجمان یحیی رسول نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ ملک کے مرکزی صوبے صلاح الدین میں ہونے والے خفیہ آپریشن کے دوران ایک انتہائی مطلوب داعشی کمانڈر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عرب ای مجلے شفق نیوز کے مطابق داعشی کمانڈر کی گرفتاری پر تمام ہونے والی یہ کارروائی علی الصبح شہر الشرقاط میں انجام پائی ہے جس میں ملکی انٹیلیجنس نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

عراقی انسداد دہشتگردی فورس کے ترجمان یحیی رسول نے کہا کہ داعشی سرغنوں کے خلاف انسداد دہشتگردی فورس کی جانب سے ملک کے مخلتف علاقوں کے اندر گزشتہ 4 دنوں سے ایک انتہائی پیشرفتہ آپریشن جاری ہے جبکہ گرفتار کیا جانے والا داعشی دہشتگرد مبینہ "ولایت دجلہ" کی طرف سے "دھماکہ خیز پیکٹس" رکھے جانے کا انچارج تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ منگل کے روز عراقی وزیر اطلاعات کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بھی ایک معروف داعشی کمانڈر کی گرفتاری کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ عراقی سکیورٹی فورسز کی جانب سے صوبہ کرکوک میں ہونے والے ایک آپریشن کے دوران بھی چند ایک داعشی دہشتگرد گرفتار کئے گئے تھے جو داعشی کی کلیدی پوسٹوں پر تعینات تھے۔


خبر کا کوڈ: 885526

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/885526/عراق-صوبہ-صلاح-الدین-سے-داعشی-سرغنہ-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org